پختونخوا کے ڈپٹی کمشنرز کوخصوصی اختیارات تفویض

 پختونخوا کے ڈپٹی کمشنرز کوخصوصی اختیارات تفویض

اقدام کا مقصد بروقت احتیاطی اقدامات،امن اورعوام کا تحفظ ترجیح:گورنر کے پی معدنیات سے فائدہ اٹھائیں گے ، گندم خورد برد کے ذمہ دار سزا بھگتیں گے :کنڈی

پشاور (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مغربی پاکستان مینٹی ننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) آرڈیننس 1960 کی دفعہ 3(1) کے تحت حاصل اختیارات صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو تفویض کر دئیے ۔فیصل کریم کنڈی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ موجودہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر یہ اقدام ضلعی سطح پر بروقت اور مؤثر احتیاطی اقدامات یقینی بنانے ، انتظامی تاخیر کم کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطہ کاری مضبوط بنانے کے لیے کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان اختیارات کا استعمال آئین اور قانون کے مطابق ہونا چاہیے اور کسی صورت ان کا غلط استعمال نہیں ہونا چاہیے ۔ انہیں توقع ہے کہ تمام ڈپٹی کمشنرز ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں گے ۔گورنر نے کہا کہ امن و امان کا قیام، سلامتی اور عوام کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہیں۔ علاوہ ازیں پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کنڈی نے کہا کہ ہمارا صوبہ معدنیات سے مالامال ہے اور ہم ان وسائل سے فائدہ اٹھائیں گے ۔

اضاخیل گودام میں گندم کے حوالے سے مجھے رپورٹ مل گئی ہے جو بھی غلط ہوا، اس کی سزا ذمہ دار بھگتیں گے ۔ علی امین گنڈاپور دوست نہیں، غلطی سے رشتہ دار ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کی تمام ضروریات پوری کی جائیں گی۔ گورنر نے کہا کہ 13 سال کا حساب 11 دن میں نہیں ہو سکتا، وزیراعظم جلد پشاور کا دورہ کریں گے ، 100 روزہ منصوبے سمیت دیگر پلانز کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ،دریں اثنا گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی قیادت میں ہزارہ ڈویژن کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر نے کہا کہ عوام کو اس تبدیلی کے ثمرات ملنے چاہئیں۔ سب سے پہلے اپنے صوبے اور لوگوں کا تحفظ کریں گے ، اس کے بعد ملکی اور بین الاقوامی کمپنیوں سے معاہدے کریں گے ۔ گورنر خیبرپختونخوا کی زیرِ صوبے کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کا اجلاس کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر فیصل کریم نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...