تاجروں کا وفد جلد مالدیپ بھیجا جائے گا:وزیراعظم
صدر مالدیپ ڈاکٹر معیزو اور خاتون اول کا فیصل مسجد اور ڈریپ کا دورہ ساجدہ محمد کی آصفہ بھٹو زرداری سے ملاقات،پرتپاک میزبانی پر اظہار تشکر
اسلام آباد(نامہ نگار،نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مالدیپ سے تجارتی تعلقات بڑھانے کے لیے جلد پاکستانی تاجروں اور کاروباری شخصیات کا وفد مالے بھیجا جائے گا جس میں متعلقہ وفاقی وزرا اور سرکاری افسران بھی شامل ہوں گے ، کراچی سے مالدیپ اور گوادر سے مالدیپ جلد براہ راست پروازیں شروع کی جائیں گی، وزارت ہوا بازی کو ہدایت کردی۔یہ بات انہوں نے پاکستان مالدیپ بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں مالدیپ کے صدر، وفاقی وزرا اور دیگر حکام بھی موجود تھے ۔وزیراعظم نے کہا کہ صدر مالدیپ کا یہ دورہ دو طرفہ تعلقات میں اضافے کے لیے اہم ثابت ہوگا، ان کا یہ دور ہ برادرانہ تعلقات ،دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے حجم کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا، ہم بھی جلد پاکستانی تاجروں اور کاروباری شخصیات کا وفد مالدیپ بھیجیں گے جس میں متعلقہ وفاقی وزرا اور سرکاری حکام بھی شامل ہوں گے تاکہ دو طرفہ تجارتی معاملات کو آگے بڑھایا جاسکے ، ہم نے دو سال میں دو طرفہ تجارت کو 20 کروڑ ڈالر تک لانے پر اتفاق کیا ہے جو کہ ابھی ایک کروڑ 30 لاکھ ڈالر ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ دو طرفہ تجارت کے لیے براہ راست پروازیں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں، وزارت ہوابازی کو براہ راست پروازوں کے لیے فزیلبٹی تیار کرنے کی ہدایت کردی، کراچی سے مالے اور گوادر سے مالے پروازوں کو یقینی بنایا جائے گا۔اس موقع پر مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے بھی خطاب کیا اور اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ میں اقتصادی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہونا چاہیے ۔
دریں اثنا مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو اور خاتون اول ساجدہ محمد نے فیصل مسجد کا دورہ کیا جہاں انہیں مسجد کی تاریخ اور عوام کے مشاہدے کے لئے رکھے گئے قرآن پاک کے نسخوں اور مخطوطات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔مالدیپ کے صدر اور خاتون اول نے فیصل مسجد میں نوافل بھی ادا کئے اور مہمانوں کی یادگار کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے ۔علاوہ ازیں مالدیپ کی خاتون اول ساجدہ محمد نے خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری سے ملاقات کو خوشگوار قرار دیتے ہوئے ان کی پرتپاک میزبانی اور خلوص پر اظہار تشکر کیا ہے ۔ سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں ساجدہ محمد نے کہا کہ مالدیپ اور پاکستان کے درمیان دوستی مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دیرینہ محبت کے رشتوں پر استوار ہے ۔ یہ قابل قدر تعلقات کئی دہائیوں کے دوران مزید مضبوط ہوئے ہیں اور وقت کی آزمائش پر پورا اترنے والی دوستی کی عکاسی کرتے ہیں۔مالدیپ کی خاتونِ اول ساجدہ محمد نے (ڈریپ) کا بھی دورہ کیا جس کا مقصد عوامی صحت کے تحفظ اور محفوظ و معیاری ادویات تک رسائی یقینی بنانے کے لئے دونوں ممالک کے درمیان ریگولیٹری تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا،دورے کے دوران خاتونِ اول ساجدہ محمد نے عوامی صحت کے تحفظ اور ادویات کے معیار کو برقرار رکھنے کے لئے ڈریپ کی قیادت اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے حامل عملے کی خدمات اور عزم کو سراہا۔مزید برآں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیز سے ملاقات کی اور ان کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کیا ۔ ملاقات میں دوطرفہ پارلیمانی و اقتصادی تعلقات سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments