جماعت اسلامی کا جامعہ کراچی کو 8 بسوں کا تحفہ، 2ہزار تعلیم کارڈ جاری کرنے کا اعلان

 جماعت اسلامی کا جامعہ کراچی کو 8 بسوں کا تحفہ، 2ہزار تعلیم کارڈ جاری کرنے کا اعلان

42سال سے طلبہ یونین پر پابندی،انتخابات کرائے جائیں،جمہوریت کی نرسری کو پنپنے کا موقع نہیں دیا گیا،حافظ نعیم یونیورسٹی کے 47ہزار طلبہ کیلئے جماعت اسلامی کی 8بسیں ملا کر کل 33بسیں ہیں جو ناکافی،وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی

کراچی (سٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کے طلبہ و طالبات کے ٹرانسپورٹ مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کے ٹاؤن کی جانب سے 8بسوں کا تحفہ دیا گیا ہے ۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے طلبہ و طالبات کے لیے 2ہزار تعلیم کارڈ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے جس سے طلبہ و طالبات کے بہت سے مسائل حل ہوسکیں گے ۔ حافظ نعیم نے جمعرات کو جامعہ کراچی میں 8بسیں وائس چانسلر کے حوالے کرنے کے  موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندے محدود وسائل واختیارات کے باوجود کراچی کی تعمیر وترقی میں مصروف ہیں، جماعت اسلامی آئندہ بھی کراچی یونیورسٹی کو یہ تحفہ دے گی،طلبا پاکستان کا مستقبل ہیں،انہیں ہی ملک کی باگ ڈورسنبھالنی ہے ،پچھلے ادوار میں جامعہ کراچی میں 8ہزار طلبا کے لیے 125پوائنٹس چلاکرتے تھے لیکن آج45ہزارسے زائد طلبا و طالبات کے لیے کوئی مناسب ٹرانسپورٹ کا انتظام نہیں،ملک میں تعلیم کا نظام چند ہاتھوں تک محدود ہوگیاہے ، غریبوں کے لیے تعلیم حاصل کرنا مشکل ہو گیا ہے۔

، اس وقت تمام جامعات کا برا حال ہے ، لیکن کراچی یونیورسٹی کی حالت دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے ، سندھ حکومت گرانٹ نہیں دیتی، طلبا کو اپنے حقوق کے لیے موثر آواز اٹھانا ہوگی۔ حافظ نعیم نے مزید کہا کہ طلبہ یونین کانام سنتے ہی حکمرانوں پر پریشانی طاری ہوجاتی ہے کہ طلبہ متحد و منظم ہوں گے تو اپنا حق لے کر رہیں گے ، اگر طلبا کوہر سال اپنے نمائندے منتخب کرنے کا اختیار ملے تو بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے ، اچھے اور سلجھے ہوئے لوگ ہمارے معاشرے کو ملیں گے ، 42سال سے ملک میں طلبہ یونین پر پابندی ہے اس وجہ سے جمہوریت کی نرسری کو پنپنے کا موقع نہیں مل رہا اور اسی وجہ سے ملک میں پڑھا لکھا طبقہ سیاسی میدان میں آگے نہیں آپارہا، طلبہ کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق دیا جائے اور طلبہ یونین کے انتخابات کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا ہر طالب علم ایک لٹر پٹرول پر130روپے ٹیکس دیتا ہے جس میں 80روپے لیوی بھتہ ٹیکس شامل ہے ، جس کا پٹرولیم کی اصل قیمت سے کوئی تعلق نہیں، اگر یہ بھتہ لیوی ختم ہوجائے تو پٹرول کی قیمت میں خاطر خواہ کمی آجائے گی۔ اس موقع پر خطاب میں جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی نے کہا کہ یونیورسٹی کے 47ہزار طلبہ کیلئے جماعت اسلامی کی 8بسیں ملا کر کل 33بسیں ہیں جو ناکافی ہیں۔ 

 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...