عظمیٰ بخاری اور حنا پرویز آمنے سامنے
حنا نا سمجھی میں ایسی باتیں کر جاتی :وزیر اطلاعات مجھ پر تنقید اور اسے شرمندگی سے جوڑنا غیر ضروری :لیگی ایم پی اے
لاہور (مانیٹرنگ نیوز )مسلم لیگ (ن)کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ میری کسی ٹویٹ سے حکومت پنجاب یا وزیر اعلیٰ کو کبھی شرمندگی نہیں ہوئی، تاہم اگر عظمیٰ بخاری کو اس بیان سے شرمندگی ہوئی ہے تووہ ان کی اپنی چوائس ہے ۔یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب ملتان میں مبینہ طور پر ایک کم عمر لڑکے وسیم عباس کو گاڑی تلے کچلنے کے مقدمے میں نامزد ملزم توقیر نذیر مشکوک حالات میں ہلاک ہو گیا۔پولیس کے مطابق ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا،ملزم کی ہلاکت کے بعد حنا پرویز بٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر خبر کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ یہ مریم نواز صاحبہ کی حکومت ہے ، یہاں فوری انصاف ملتا ہے ۔ تاہم بعد میں انہوں نے یہ پوسٹ حذف کر دی تھی۔ ایک ٹی وی پروگرام میں اسی پوسٹ کا حوالہ دیتے سوال کیا گیا تو جواب میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حنا پرویز بٹ پہلے بھی اس نوعیت کے بیانات دیتی رہی ہیں اور بعض اوقات نا سمجھی میں ایسی باتیں کر جاتی ہیں جو بعد میں ان کیلئے اور حکومت کیلئے باعثِ شرمندگی بنتی ہیں۔ جمعرات کو ایک ویڈیو بیان میں حنا پرویز بٹ نے کہا کہ ان کا سوشل میڈیا پیغام ان کی ذاتی رائے تھا اور اس پر پراپیگنڈا کرنا مناسب نہیں تھا ،میں نے اپنے بیان میں حکومت کے خلاف کوئی چارج شیٹ پیش کی نہ کسی ادارے پر تنقید کی، اس لیے عظمیٰ بخاری کی جانب سے مجھ پر تنقید اور اسے حکومت کی شرمندگی سے جوڑنا غیر ضروری ہے ۔ حنا پرویز بٹ نے مزید کہا کہ عظمیٰ بخاری حکومت کی سرکاری ترجمان ہیں اور انہوں نے حکومت کا مؤقف بیان کیا، تاہم ان کا مجھ پر تنقید کرنا بے جا ہے ،میں نے وہی کہا جو عوام کی آواز ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments