عوام دہشتگردوں کو پناہ نہ دیں خود کو الگ رکھیں:فیصل کنڈی
چارسدہ (دنیا نیوز،اے پی پی )گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی اور انہیں قابو کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔
وہ چارسدہ میں شہید ڈی ایس پی عمران الدین اور سپاہی کاظم جان کی رہائشگاہوں پر گئے ، اہل خانہ سے تعزیت کی اور شہدا کے درجات کی بلندی و ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی،اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گور نر نے کہا کہ سہیل آفریدی محفوظ ہاتھوں میں ہیں، تاہم پاکستان تحریک انصاف کے مستقبل کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا، افغانستان سے بین الاقوامی افواج کے انخلا کے بعد چھوڑا گیا اسلحہ دہشت گردوں کے ہاتھ لگ گیا،دہشت گردوں کے پاس ایسا جدید اسلحہ موجود ہے جو ہمارے پاس بھی نہیں ۔ انہوں نے کہا فیلڈ مارشل نے واضح کیا ہے کہ عوام کو دہشت گردوں سے الگ رہنا ہوگا، دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران نقصان کا خدشہ موجود رہتا ہے ، عوام سے اپیل ہے کہ دہشت گردوں کو پناہ نہ دیں اور ان سے خود کو الگ رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنے ترقیاتی فنڈز میں کٹوتی کرکے پولیس کو جدید اسلحہ فراہم کریں گے ، محسن نقوی نے بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ پولیس کو جتنے اسلحے اور فنڈز کی ضرورت ہوگی، فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں،گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کیلئے صوبے کو 800 ارب روپے ملے لیکن یہ رقم خرچ نہیں کی جا سکی۔انہوں نے مزید کہا جو پاکستان کے خلاف ہوگا اور آئین کو تسلیم نہیں کرے گا، اس کے ساتھ مذاکرات یا کسی قسم کی رعایت نہیں ہونی چاہیے ،معدنی وسائل سے متعلق کہا کہ ہمارے پاس معدنی وسائل تو ہیں لیکن انہیں بروئے کار لانے کیلئے درکار وسائل کی کمی ہے ، معدنیات کی تلاش اور نکالنے کیلئے پاکستانی کمپنیوں کو پہلی ترجیح دی جائے گی، اگر پاکستانی کمپنیوں کے پاس مطلوبہ وسائل نہ ہوئے تو بیرونی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دیں گے ،انہوں نے کہا کہ معدنیات پر پہلا حق عوام، دوسرا صوبے اور اس کے بعد کسی تیسرے فریق کا ہوگا، ،انہوں نے کہا کہ آقا خیل گندم گودام میں گندم کے معاملے پر انکوائری شروع کر دی گئی ہے ،کرپشن پر زیرو ٹالرنس ہے ، کام کرنے والے افسران کو کام کرنا ہوگا، بصورت دیگر انہیں گھر جانا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے خیبرپختونخوا کو ایک بدلتا، نکھرتا اور مضبوط صوبہ بنانا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments