آرفور وزرائے خارجہ کا اجلاس،سعودیہ پر حوثی حملوں کی مذمت

آرفور وزرائے خارجہ کا اجلاس،سعودیہ پر حوثی حملوں کی مذمت

اسحاق ڈار، حاقان فیدان، فیصل بن فرحان اور ڈاکٹر بدر عبدالعاطی کی شرکت نائب وزیراعظم کی جرمن ،ترک، مصر ی وزرا ئے خارجہ سے الگ سے بھی ملاقاتیں

اسلام آباد (وقائع نگار،نیوز ایجنسیاں)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے چھٹے آر فور وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کی جس میں حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے سعودی  عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کیا گیا ۔ ترجمان دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم نے استنبول میں چھٹے آر فور وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان، سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی بھی شریک ہوئے ۔وزرائے خارجہ نے نیویارک میں ہونے والے اپنے گزشتہ اجلاس کے بعد سے ہونے والی علاقائی پیش رفت کا جائزہ لیا۔

جس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور اس سے متعلقہ سکیورٹی چیلنجز اور تنازعات پر خصوصی توجہ دی گئی۔وزرائے خارجہ نے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے سعودی عرب کو نشانہ بنانے والے حوثی حملوں کی مذمت بھی کی اور ریاستوں کی خودمختاری کے احترام کی اہمیت پر زور دیا۔اجلاس میں علاقائی رابطہ کاری کو مضبوط بنانے ، دیرپا امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر نائب وزیراعظم کی جرمن وزیر خارجہ یوہان واڈے فل، ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان، مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی کے ساتھ الگ سے بھی ملاقاتیں ہوئیں جن میں علاقائی چیلنجز سے نمٹنے ،امن و استحکام کے فروغ کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور عالمی سطح پر مسلسل روابط کی اہمیت پر زور دیا گیا جبکہ دلچسپی کے مختلف شعبوں میں مسلسل روابط اور تعاون کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بھی بات چیت کی گئی۔ 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...