قتل کے ملزم کی عمر قید ختم، سزا 12 سال تک محدود

قتل کے ملزم کی عمر قید ختم، سزا 12 سال تک محدود

قتل کی سازش یا پیشگی منصوبہ بندی کے ٹھوس شواہد نہیں ملے :لاہورہائیکورٹ عدالت کی حکومت پنجاب کو قتل کی سزا کیلئے قانونی اصلاحات پر غور کی ہدایت

لاہور (محمد اشفاق)لاہور ہائیکورٹ نے قتل کی پیشگی منصوبہ بندی ثابت نہ ہونے پر ملزم مہر فرحان کی عمر قید کی سزا ختم کرتے ہوئے اسے پہلے سے کاٹی گئی قید کی مدت تک محدود کر دیا۔ عدالت نے حکومت پنجاب کو قتل کے مقدمات میں سزا کے تعین کیلئے قانونی اصلاحات پر غور کرنے اور پنجاب سین ٹینسنگ ایکٹ میں مناسب ترامیم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے ۔جسٹس محمد امجد رفیق نے ملزم کی جیل اپیل جزوی طور پر منظور کرتے ہوئے سزا کو تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 302(بی)سے تبدیل کرکے دفعہ 302(سی)کے تحت کر دیا۔ عدالت نے مقتول کے ورثا کو پانچ لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم برقرار رکھا جبکہ عدم ادائیگی کی صورت میں چھ ماہ کی سادہ قید کی سزا بھی برقرار رکھی۔عدالتی فیصلے کے مطابق 10 جولائی 2020 کو محمد یوسف بھتیجے ابو ہریرہ کے ہمراہ  موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ جی ٹی روڈ پر ریلوے لائن کے قریب ملزم مہر فرحان اورساتھیوں نے انہیں روک کر ابوہریرہ پر تشدد کیااور سرپر ہاکی سے وار کیا جس سے وہ زخمی ہوا اور اگلے روز ہسپتال میں دم توڑ گیا ، گواہوں کی شہادت اور طبی شواہد ملزم کے کردار کی تصدیق کرتے ہیں جبکہ مقدمے میں نامزد چار شریک ملزموں کو ٹرائل کورٹ پہلے ہی بری کر چکی تھی اور ان کی بریت کو چیلنج نہیں کیا گیا۔

تفتیش کے دوران قتل کی کسی باقاعدہ سازش یا پیشگی منصوبہ بندی کے حوالے سے بھی ٹھوس شواہد سامنے نہیں آئے ، تاہم فریقین کے درمیان لڑکوں کے دو گروپوں کی رقابت ضرور ظاہر ہوئی ۔لاہور ہائیکورٹ نے حکومت پنجاب کو ہدایت کی کہ قتل کے مقدمات میں سزا کے تعین کے طریقئہ کار کو بہتر بنانے کیلئے قانونی اصلاحات پر غور کیا جائے اور پنجاب سین ٹینسنگ ایکٹ میں ایسی ترامیم کی جائیں جن سے مناسب حالات میں عدالتوں کو سزا مقرر کرتے وقت صوابدید استعمال کرنے کا اختیار حاصل ہو سکے ۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق ملزم 12 سال، 11 ماہ اور دو دن قید گزار چکا تھا، جس میں معافیوں کی رعایت بھی شامل تھی۔ عدالت نے پہلے سے کاٹی گئی قید کو مدنظر رکھتے ہوئے سزا اسی مدت تک محدود کر دی۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...