راجہ پرویز اشرف کی آبائی رہائش گاہ سنگھر ہاؤس میں چوری
چور 3اے سی ، 2دروازے ، دو کھڑکیاں، قالین، کراکری، آرائشی اشیالے گئے گھریلو ملازم مبینہ طور پر غائب، موبائل فون بھی بند،مقدمہ درج، تفتیش جاری
دولتالہ (نمائندہ دنیا) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی آبائی رہائش گاہ سنگھر ہاؤس میں چوری کی واردات ہوئی جہاں سے چور لاکھوں روپے مالیت کا سامان لے کر فرار ہو گئے ۔ واقعہ کا مقدمہ سابق وزیراعظم کے پرسنل سیکرٹری طیب فضل کی درخواست پر تھانہ جاتلی میں درج کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق چوری کی واردات تھانہ جاتلی کے علاقے ڈھوک امب میں واقع سنگھر ہاؤس میں ہوئی۔ ایف آئی آر کے مطابق چور رہائش گاہ سے تین ایئر کنڈیشنر، دو دروازے ، دو کھڑکیاں، قالین، کراکری، آرائشی اشیاء اور گھاس کاٹنے والی مشین لے گئے ۔ رہائش گاہ کے مختلف مقامات پر تالے بھی ٹوٹے ہوئے پائے گئے ۔مقدمے کے مطابق رہائش گاہ پر تعینات گھریلو ملازم مبینہ طور پر غائب ہے ۔ ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کے مطابق ملازم گزشتہ رات سے موجود نہیں اور اس کا موبائل فون بھی بند ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق چوری شدہ سامان کی مالیت تقریباً دو لاکھ 70 ہزار روپے بتائی گئی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments