ڈی پی ٹی،فارم ڈی ڈگری ہولڈرز کو ’ڈاکٹر‘ لکھنے کی اجازت
نیشنل کریکولم ریویو کمیٹیز (این سی آر سیز)کی سفارشات پر اجازت دی گئی فزیو تھراپسٹ ،فارماسسٹ اب نام کے ساتھ ڈاکٹر لکھ سکتے ہیں ، ایچ ای سی
اسلام آباد (ایس ایم زمان)ایچ ای سی نے ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی (ڈی پی ٹی) اور ڈاکٹر آف فارمیسی (فارم ڈی) کے ڈگری ہولڈرز پروفیشنلز کی جانب سے نام کے ساتھ ‘ڈاکٹر’ کا لاحقہ استعمال کرنے سے متعلق ہدایات جاری کر دی ہیں۔ایچ ای سی کے مطابق انڈرگریجویٹ پروگرامز کے نام کے ساتھ ‘ڈاکٹر’ کے لقب کے استعمال سے متعلق پہلے ہی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔ ڈی پی ٹی اور فارم ڈی پروگرامز کے ناموں میں ‘ڈاکٹر’ کے لقب کے استعمال کی اجازت متعلقہ نیشنل کریکولم( National Curriculum )ریویو کمیٹیز (این سی آر سیز) کی سفارشات پر دی گئی تھی۔کمیشن کے مطابق ڈی پی ٹی اور فارم ڈی کی ڈگریاں رکھنے والے پروفیشنلز کے نام سے پہلے ‘ڈاکٹر’ لکھنے کی اجازت متعلقہ این سی آر سی اور پروفیشنل کونسل کی جانب سے متعین کردہ مخصوص طریقئہ کار کے تحت دی گئی ہے ۔ اس طریقئہ کار کے مطابق نام سے پہلے ‘ڈاکٹر’ لکھنے کے ساتھ نام کے بعد متعلقہ پیشہ ورانہ شعبے کی وضاحت کے لئے فزیوتھراپسٹس کے لیے ‘پی ٹی’ اور فارماسسٹس کے لیے ‘فارم ڈی’ لکھنا ضروری ہے ۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے مطابق فزیو تھراپسٹ اور فارم ڈی ڈگری رکھنے والے فارماسسٹ مذکورہ ہدایت کے مطابق کو نام کے ساتھ ڈاکٹر لکھ سکتے ہیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments