5لاکھ طلبہ کو کروم بکس فراہمی کا آغاز:نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی سمیت تمام وسائل فراہم کرینگے:شہباز شریف

5لاکھ  طلبہ  کو  کروم  بکس  فراہمی  کا آغاز:نوجوانوں  کو  بااختیار  بنانے  کیلئے  جدید ترین  ٹیکنالوجی  سمیت تمام  وسائل  فراہم  کرینگے:شہباز شریف

ذہانت اور قابلیت کو غربت یا امارت کی قید میں نہیں ہونا چاہئے ، اس شاندار ڈیوائس کی بدولت طلباء و طالبات دنیا میں کسی سے پیچھے نہیں ہو نگے ،ماضی میں 6لاکھ نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دئیے :تقریب سے خطاب صدرلاہور چیمبر آف کامرس علی حسام کی ملاقات ،درپیش مسائل سے آگاہ کیا ، نجی شعبے کے اشتراک سے معاشی سرگرمیاں بڑھانے ، صنعتی ترقی کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں :وزیراعظم

اسلام آباد ،لاہور(نامہ نگار،دنیا نیوز،کامرس رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے سرکاری سکولوں اور مدارس کے 5 لاکھ ہونہار طلبا و طالبات کیلئے کروم بکس اور انٹرنیٹ کی سہولت کی فراہمی کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھر کے ہونہار اور قابل بچوں کوبااختیار بنانا، جدید ترین ٹیکنالوجی اور مہارتیں فراہم کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے ،یہ طلبا و طالبات جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر ملکی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کریں گے ،قوم کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی سمیت تمام وسائل فراہم کریں گے ، دو سال میں 5 لاکھ طالب علموں تک یہ کروم بکس پہنچائیں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوارکو یہاں کنونشن سنٹر اسلام آباد میں طلباء و طالبات کو کروم بکس اور انٹرنیٹ کی فراہمی کے اجراء کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود ،وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اوردیگر نے بھی اظہار خیال کیا ،جبکہ شہباز شریف نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طالب علموں میں کروم بکس تقسیم کیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ صرف اور صرف قابلیت اور محنت کی بنیاد پر طلبا و طالبات میں یہ کروم بکس تقسیم کی جا رہی ہیں، اس کے ساتھ ساتھ انہیں کروم بکس اور کتابوں کیلئے بیگ اور انٹرنیٹ مائی فائی بھی دیا جا رہا ہے۔

تاکہ گھر کے اندر بیٹھ کر بھی وہ ای لائبریری سے استفادہ کر سکیں،توقع ہے ان جدید آلات کی مدد سے طالب علم ممتاز اور قابل ترین افراد میں شمار ہوں گے ،کروم بکس فراہم کرنے کا مقصد یہ ہے کہ آپ ترقی کی دوڑ میں پیچھے نہ رہ جائیں، ذہانت اور قابلیت کو غربت یا امارت کی قید میں نہیں ہونا چاہئے ، طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی فراہم کرنے کا مقصد انہیں عالمی سطح پر مقابلے کے قابل بنانا ہے ، کروم بکس کے ساتھ طلبہ کو ایک سکول بیگ اور انٹرنیٹ ڈیوائس کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے ۔وزیراعظم نے کہاکہ ماضی میں مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں نواز شریف کی قیادت میں گلگت بلتستان، آزاد کشمیر سمیت ملک بھر کے 6 لاکھ نوجوانوں کو قابلیت اور میرٹ کی بنیاد لیپ ٹاپ دئیے گئے ،اس پروگرام سے مستحق اور یتیم بچے مستفید ہوئے ، اب یہ کروم بکس ہونہار طالب علموں کو دو سال کے قلیل عرصہ میں فراہم کی جائیں گی، اس شاندار ڈیوائس کی بدولت یہ طلبا و طالبات دنیا میں قابلیت اور ذہانت میں کسی سے پیچھے نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے ٹوکیو کیئر فائونڈیشن کے بانی راشد منہاس اور ان کی ٹیم کو بچوں کیلئے کروم بکس عطیہ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان عطیات سے ثابت ہوتا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کو جو دن رات محنت کر کے پاکستان کا نام بلند کرتے ہیں انہیں حکومت پاکستان پر اعتماد ہے ،جس پر میں ان کا مشکور ہوں ۔وزیراعظم نے کہاکہ ملک بھر میں اس وقت 27 دانش سکول زیرتعمیر ہیں، یہ سکول معیاری تعلیم کے حوالہ سے نمایاں مقام رکھیں گے ، کسی بھی حکومت کا یہ فرض ہے کہ وہ اس قوم کے بچوں کو عظیم شہری بنانے کیلئے ان کی معاونت کرے ، اس مقصد کیلئے جتنے بھی وسائل درکار ہوئے وہ بروئے کار لائیں گے ۔

وزیراعظم نے کہاکہ اب 5 لاکھ بچوں کو میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر یہ جدید آلات دئیے جا رہے ہیں، کیونکہ تعلیم ایک ایسا زیور ہے جو معاشرے میں ممتاز بناتا ہے ، دولت، امارت چھینی جا سکتی ہے تاہم قابلیت اور تعلیم کو کوئی چوری نہیں کر سکتا۔دریں اثناء وزیراعظم شہبازشریف سے گزشتہ روز لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر علی حسام اصغر نے ملاقات کی،اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے ۔اس دوران ملک کی معاشی صورتحال، کاروبار اور تجارت کے فروغ ،صنعتوں کو درپیش مسائل اور کاروباری برادری کو سہولیات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے دوران گفتگو کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی اور استحکام کیلئے برآمدات پر مبنی صنعتوں کے کردار کو مزید مضبوط بنانا ضروری ہے ، حکومت نجی شعبے کے اشتراک سے معاشی سرگرمیوں کے فروغ، صنعتی ترقی اور کاروبار کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی پر کام کر رہی ہے ،نجی شعبہ ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور صنعتی و تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کیلئے حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان قریبی تعاون ضروری ہے ۔ انہوں نے برآمدات پر مبنی صنعتوں کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے معاشی ترقی اور استحکام کو تقویت مل سکتی ہے ۔ صدر لاہور چیمبر علی حسام اصغرنے کاروباری برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔ وزیراعظم نے صدر لاہور چیمبر کی پیش کردہ تجاویز کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی بھی بنادی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...