سعودی عرب پر داغے11میزائل فضا میں تباہ،2افراد زخمی،3مکان،7گاڑیوں کو نقصان:مسلم دنیا کو حوثیوں کی سرکوبی کیلئے مضبوط موقف اپنا نا ہوگا:او آئی سی

سعودی  عرب  پر  داغے11میزائل  فضا  میں  تباہ،2افراد  زخمی،3مکان،7گاڑیوں  کو  نقصان:مسلم  دنیا  کو  حوثیوں  کی  سرکوبی  کیلئے  مضبوط  موقف  اپنا نا ہوگا:او  آئی  سی

ریاض ایئرپورٹ پر پروازیں بحال، دھماکوں کی آوازیں، ایئرپورٹس اورتیل تنصیبات فوجی ہدف ہیں :حوثی گروپ ،سعودیہ کیلئے امارات، پاکستان ،بنگلہ دیش کی کئی پروازیں منسوخ ایران سے معاہدہ کروں یا اسے دھوکہ دوں، ابھی فیصلہ نہیں کیا:صدر ٹرمپ، جارحیت یا مہم جوئی کا ناقابل تصور جواب دینگے :باقر قالیباف،ایران کا امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

ریاض،واشنگٹن،تہران،اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں) سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے کہا ہے کہ فضائی دفاعی فورسز نے جنوبی علاقے میں حوثی باغیوں کے 10 بیلسٹک میزائلز جبکہ خمیس مشیط کی جانب آنے والے ایک کروز میزائل کو فضا میں ہی تباہ کیا ہے ۔ سعودی محکمہ شہری دفاع نے بتایا کہ اتوار کو دو بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کیے جانے کے بعد ان کا ملبہ خمیس مشیط اور احد رفیدہ کے علاقوں میں گرا، جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں میں ایک سعودی شہری اور ایک ایشیائی باشندہ شامل ہے ۔ میزائلوں کے ملبے سے 3 رہائشی عمارتوں اور 7 گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔سعودی حکام نے میزائل حملوں کا ذمہ دار یمن کی حوثی ملیشیا کو قرار دیا ہے ۔ سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان کے بیان سے قبل اے ایف پی کے ایک صحافی نے اطلاع دی تھی کہ ریاض میں تین دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔یہ دھماکے اس وقت ہوئے جب مقامی رہائشیوں کو فضائی خطرے سے متعلق انتباہی پیغامات موصول ہوئے تھے ۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دو ہفتے کی بندش کے بعد اتوار کو پروازیں بحال کردی گئیں، تاہم یمن کے حوثی باغیوں کے حملوں کا سلسلہ جاری رہا۔ ایئرپورٹ کی ویب سائٹ کے مطابق دبئی، پیرس اور قاہرہ سمیت مختلف شہروں سے آنے والی ملکی و بین الاقوامی پروازیں شیڈول کی گئیں۔ بحالی کے روز ریاض میں دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں، جبکہ شہریوں کو ممکنہ خطرے سے متعلق پیغامات بھیجے گئے ۔ فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ کے مطابق چند پروازیں روانہ ہوئیں، تاہم بیشتر منسوخ رہیں۔ حوثی ترجمان یحیی سریع نے سعودی ایئرپورٹ کو غیر محفوظ اور فوجی ہدف قرار دیتے ہوئے مزید حملوں کی دھمکی دی ہے ۔انہوں نے ایک مرتبہ پھر سے ایئرلائنز، ایئرپورٹ کے ملازمین اور مسافروں کو ریاض ایئرپورٹ استعمال نہ کرنے کی تنبیہ کی ہے ۔ ترجمان نے اتوار کی صبح کہا کہ ایئرپورٹ محفوظ نہیں اور بدستور فوجی ہدف ہے ۔یحیی سریع نے سعودی دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تازہ حملے کا دعویٰ کیا ہے ۔ یحیی سریع نے ایکس پر کہا کہ درجنوں بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے تین فوجی کارروائیاں کیں، جن میں ریاض ایئرپورٹ، خمیس مشیط میں کنگ خالد ایئربیس اور جازان میں بحری اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔

ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ایئرپورٹ پر میزائل اپنے ہدف تک پہنچا۔ سعودی حکام نے نئے حملے پر فوری تبصرہ نہیں کیا۔ امریکا نے سعودی عرب میں غیر ہنگامی سفارتی عملے اور اہلِخانہ کو فوری روانگی کا حکم دے دیا۔اردن، قطر، متحدہ عرب امارات اور لبنان میں بھی امریکی سفارتی عملے کی تعداد کم کی جا رہی ہے ۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے مکہ اور مدینہ پر حوثی شدت پسندوں کے گھناؤنے حملوں کی شدید مذمت کی اور کہا ہے کہ مسلم دنیا کو حوثی باغیوں کی سرکوبی کیلئے ایک مضبوط موقف اپنانا ہوگا۔ اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل اسماعیل بن شیخ احمد نے حوثیوں کی جانب سے اسلامی مقدس مقامات کی بے حرمتی کی بھی مذمت کی ہے ۔اسلامی تعاون تنظیم کے اعلامیے کے مطابق او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے مکہ، مدینہ، طائف اور جدہ سمیت دیگر مقامات پر حوثیوں کے بزدلانہ حملوں کو ناقابلِ قبول قرار دیا۔ اسماعیل بن شیخ احمد نے کہا کہ میدانِ عرفات کے قریب وادی مغمس کو نشانہ بنانا ثبوت ہے کہ حوثیوں کو مقدس مقامات کا احترام اور عام شہریوں کی حفاظت کا کوئی پاس نہیں، مسلم دنیا کو ایک مضبوط اور ذمہ دارانہ موقف اپنانا ہوگا تاکہ حوثی شدت پسندوں کی سرکوبی اور مجرمانہ کارروائیوں کا خاتمہ ہوسکے ۔ اسلامی مقدس مقامات کی بے حرمتی پوری مسلم امت پر حملہ ہے ، اسلامی مقدس مقامات پر حملوں کے خلاف عالمی برادری کی جانب سے فوری کارروائی اور ان حملوں کے ذمہ داروں کا محاسبہ ضروری ہے ۔انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ملکی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت کے اقدامات کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔یمن کے حوثی باغیوں کے سعودی عرب کے ہوائی اڈوں کو نشانہ بنانے کی دھمکیوں اور حملوں کے بعد متحدہ عرب امارات، پاکستان اور بنگلہ دیش سمیت مختلف ممالک کی متعدد پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہیں ۔پروازوں میں خلل سے امارات، فلائی دبئی، اتحاد ایئرویز، فلائی ناس اور سعودی ایئرلائن سمیت متعدد فضائی کمپنیوں کی خدمات متاثر ہوئی ہیں۔

منسوخ یا متاثر ہونے والی پروازوں میں ریاض، جدہ، مدینہ اور دمام جانے والی پروازیں شامل ہیں۔ دبئی سے سعودی عرب کے مختلف شہروں کیلئے امارات ایئرلائن کی متعدد پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔فضائی کمپنیوں نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے اپنی متعلقہ ایئرلائن سے پرواز کی تازہ صورتحال معلوم کریں، پروازوں کے اوقات میں تبدیلی یا مزید منسوخی کا امکان موجود ہے ۔امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ میں نے ایران کے حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ،مختلف آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔ فاکس نیوز کے پروگرام سنڈے مارننگ میں ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ میرے لیے اصل سوال یہ ہے کہ کیا میں ایران کے ساتھ معاہدہ کروں یا اس سے کھیلوں (دھوکہ دوں)۔ اس وقت میرے ذہن میں یہی سوال ہے ۔ایک روز قبل ایران کے ساتھ ممکنہ جنگ سے متعلق صحافیوں کے سوالات کے جواب میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ شاید مجھے اس معاملے کو ختم کرنا پڑے ، یا شاید وہ مان جائیں، لیکن مجھے یقین نہیں۔ تاہم کسی بھی صورت میں ہم جیتیں گے ۔جب ایک صحافی نے ان سے پوچھا کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے بارے میں فیصلہ سازی کا عمل کہاں تک پہنچا ہے تو انھوں نے جواب دیا کہ ہم اس پر غور کر رہے ہیں، شاید کل بھی۔ کیا آپ واقعی سمجھتے ہیں کہ اگر میں ایسا کرنے جا رہا ہوتا تو آپ کو بتا دیتا؟۔ایرانی فوج کے شعبئہ تعلقاتِ عامہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام نے ایک امریکی لوکاس ڈرون کو روک کر مار گرایا ہے ۔ایرانی فوج کے مطابق ڈرون کو بندر عباس کی فضائی حدود میں نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے عراق کے نیم خودمختار کردستان ریجن میں ایرانی حکومت مخالف کرد جماعت کوملہ کے ایک اڈے کو ڈرون حملے میں نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے ۔ ایرانی خبر رساں ادارے مہر کے مطابق کارروائی گزشتہ رات بالیسان کے علاقے میں کی گئی، جسے ایرانی حکام نے پیشگی اقدام قرار دیا ہے ۔

حملے میں کوملہ کی عسکری صلاحیتوں کو نقصان پہنچا۔ امریکی جریدے بلومبرگ کے مطابق امریکا اور اسرائیل کے انتخابات کے بعد ٹرمپ ایران کے خلاف بڑے حملوں کا حکم دے سکتے ہیں اور وہ اس کی تیاری بھی کر رہے ہیں۔ 27 اکتوبر کو اسرائیل میں پارلیمانی انتخابات ہونے جارہے ہیں جب کہ 3 نومبر کو امریکا میں مڈٹرم الیکشن ہوں گے جس میں ایوان نمائندگان کی تمام 435 اور سینیٹ کی 35 نشستوں پر انتخابی مقابلے ہوں گے ، اس کے علاوہ 36 امریکی ریاستوں میں گورنرز کے انتخابات بھی ہوں گے ۔ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے ایران پر ایک اور ممکنہ فوجی حملے سے متعلق امریکی سینئر حکام کی دھمکیوں کے جواب میں کہا ہے کہ ایران کی علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی جارحانہ اقدام کا ہم ناقابلِ تصور جواب دیں گے ۔ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ جنگ بندی میں تمام محاذوں پر لڑائی مکمل بند ہونا ضروری ہے ، پاکستان اور قطر کی ثالثی میں امریکا کے ساتھ ہونے والے تمام مذاکرات میں یہ معاملہ اٹھایا گیا ہے ۔عباس عراقچی نے کہا خطے کے کسی ایک حصے میں جنگ اور تنازعات ہوں تو خطے کا پُر امن ہونا ممکن نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایرانی میزائلوں نے زمین پر موجود درجنوں امریکی لڑاکا طیارے تباہ کیے ، ایران کے خلاف کسی بھی نئی فوجی کارروائی کا بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا۔پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ پاکستان کو بتادیا کہ امریکا ناکابندی ختم کرے تو آبنائے ہرمزکھول دیں گے ۔ اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب میں ایرانی سفیر نے کہا کہ اسلام آباد ایم او یو کے تحت امریکا سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں، امریکا سفارت کاری کو سبوتاژ کرنے اور آبنائے ہرمز کے معاملے پر تعطل برقرار رکھنے کی کوشش کر رہا ہے ۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ مکّہ معاہدہ مسلم ممالک کے اتحاد کا ذریعہ ہوسکتا ہے ،اس کی حمایت کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے جائزہ لیں گے ۔

رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے پاکستان کیلئے سرحدیں بند کرنے کی خبریں درست نہیں ہیں۔ایل پی جی سمیت ایرانی اشیا کی پاکستان برآمد پر کوئی پابندی نہیں ہے ۔ تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ سرحدیں کھلی ہیں، موجودہ حالات میں پاکستان کے ساتھ سرحدیں بند کرنا ایران کے مفاد میں نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ای فارم طریقہ کار میں تبدیلی سے ایران سے سامان کی ترسیل متاثر ہوئی، ایران سے پاکستان سامان بھیجنے میں تاجروں کو مشکلات کا سامنا ہے ، ای فارم طریقہ کار سے متعلق مسئلے کے حل کیلئے پاکستان سے مشاورت جاری ہے ۔ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ایل پی جی لے جانے والے کئی سو ٹرک رمدان بارڈر سے گبد میں داخل ہوئے ، ایل پی جی سے لدے ٹرک کئی ہفتوں سے پاکستان کی طرف سے کلیئرنس کے منتظر ہیں، ایل پی جی ٹرکوں کی کلیئرنس نہ ہونے سے دوطرفہ تجارت متاثر ہورہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تجارت دونوں ممالک اور عوام کے مفاد میں ہے ، پاکستان کے ساتھ قریبی رابطوں سے تجارتی رکاوٹیں دور کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ امریکی سینٹکام کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر نے آبنائے ہرمز کا فضائی دورہ کیا اور سمندری بارودی سرنگیں صاف کرنے والے امریکی اہلکاروں سے ملاقات کی،انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ موسم گرما سے اب تک خلیجی ممالک کو آبنائے ہرمز کے ذریعے ڈیڑھ ارب بیرل سے زائد خام تیل برآمد کرنے میں مدد فراہم کی ہے ۔ سینٹ کام کے مطابق گزشتہ چھ ماہ کے دوران 3 ہزار سے زائد تجارتی جہاز اس کی معاونت سے آبنائے ہرمز سے گزرے ، جبکہ 95 فیصد سے زیادہ جہاز بحفاظت اپنی منزل کی جانب روانہ ہوئے ۔سینٹ کام کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا کہ امریکی اہلکاروں کی کوششوں سے آبنائے ہرمز کے اہم بحری راستے ایرانی سمندری بارودی سرنگوں سے پاک ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...