پی ٹی آئی کی حکومتی رویہ تبدیل نہ ہونے پر دوبارہ احتجاج کی دھمکی
اداروں کیخلاف یوٹیوبرز کے کسی بیانیے کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں:شوکت یوسفزئی کل پارلیمانی پارٹی اجلاس میں مذاکرات یا احتجاج سے متعلق فیصلہ کیا جائیگا:علی ظفر
پشاور،اسلام آباد(این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا نے حکومت کو دھمکی دی ہے کہ اگر رویہ تبدیل نہیں ہوا تو دوبارہ احتجاج شروع کردیا جائے گا۔پی ٹی آئی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پارٹی مزاحمتی اور مفاہمتی سیاست کے بیچ کھڑی ہے ، فیصلہ حکومتی رویے پر ہوگا، حکومت نے سیاسی سپیس نہ دی تو پرامن احتجاج دوبارہ شروع ہو سکتا ہے ۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسف زئی نے کہا کہ ایمرجنسی اور گورنر راج کو 14 روز گزر چکے ہیں تاہم حکومت کا کوئی واضح وژن سامنے نہیں آیا، اداروں کے خلاف یوٹیوبرز کے کسی بیانیے کا تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں۔اپنے بیان میں شوکت یوسف زئی نے حکومت کی پالیسیوں اور کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومتی نااہلی کے باعث ملک بند گلی میں کھڑا ہے ، معیشت وینٹی لیٹر پر ہے اور ملک قرضوں پر چل رہا ہے ، جبکہ مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کا جینا حرام کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو سیاسی گنجائش ملنی چاہیے ، بصورت دیگر پرامن احتجاج دوبارہ شروع ہوسکتا ہے ،پارٹی اس وقت مزاحمتی اور مفاہمتی سیاست کے درمیان کھڑی ہے اور آئندہ کا فیصلہ حکومت کے رویے کو دیکھ کر کیا جائے گا۔
بیرون ملک مقیم یوٹیوبرز کو اب مشورے دینے سے باز رہنے کا کہہ دیا ہے ۔شوکت یوسف زئی نے کہاکہ تحریک انصاف میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں اور پارٹی بیرسٹر گوہر کی قیادت میں متحد ہے ۔ وہ پارلیمانی پارٹی کے ارکان سے رابطے میں ہیں اور کسی فارورڈ بلاک کی تشکیل نہیں ہورہی۔انہوں نے کہا کہ پارٹی عمران خان کے بیانیے کو آگے بڑھائے گی اور عمران خان سے ملاقات کے بعد ہی مذاکرات کی راہ نکل سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ پرامن جدوجہد کی، کبھی نہیں کہا جیل توڑ کر عمران خان کو نکالیں گے ، ڈیل سے باہر آنا ہوتا تو تین سال پہلے ہی عمران خان باہر آجاتے ، عمران خان چاہتے ہیں کہ عدالتیں ان کے کیسز سنیں ، مانتا ہوں لیڈرشپ اور ورکرز کے درمیان اعتماد کا فقدان رہا ہے ، وقت آگیا ہے کہ کارکنوں کو فیصلہ سازی میں اعتماد میں لیا جائے ، تحریک انصاف کا ورکر پارٹی کا بہت بڑا اثاثہ ہے ۔دریں اثنا سینیٹر علی ظفر کا کہنا ہے کہ کل پارلیمانی پارٹی اجلاس میں مذاکرات یا احتجاج سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔اپنے بیان میں علی ظفر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی تک رسائی، خواتین کی رہائی اور علاج سے متعلق امور پر غور ہوگا۔سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ اجلاس میں اہم سیاسی اور تنظیمی معاملات پر فیصلے کیے جائیں گے ، پارلیمانی پارٹی اجلاس میں آئندہ حکمت عملی بھی طے کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments