چھوٹے انتظامی صوبے بنانے کی ضرورت ،وزیر مذہبی امور

 چھوٹے انتظامی صوبے بنانے کی ضرورت ،وزیر مذہبی امور

پر امن طریقے سے صوبہ ہزارہ کے حصول کی جدوجہد جاری رکھیں گے ،سردار یوسف

 کراچی (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان کو بااختیار بنانے کے لیے چھوٹے انتظامی صوبے بنانے کی ضرورت ہے ، جب ملک بنا اس وقت 4 صوبے تھے ، اب آبادی 25 کروڑ سے زائد ہو چکی ہے ، اب بھی 4 صوبے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے آئین کے اندر رہتے ہوئے نئے انتظامی صوبے بنائے جائیں، صوبہ ہزارہ ہمارا آئینی حق ہے ۔پر امن طریقے سے صوبہ ہزارہ کے حصول کی جدوجہد جاری رکھیں گے وہ اتوار کو ہزارہ قبائل مشاورتی کونسل اور صوبہ ہزارہ تحریک کے تحت قیوم آباد میں صوبہ ہزارہ جلسے سے خطاب کر رہے تھے ۔ جلسے میں 24 قبائل کے نمائندوں سمیت کراچی میں مقیم ہزارہ وال کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ وفاقی وزیر سردار یوسف نے مزید کہا کہ کراچی کے ہزارہ وال نے ثابت کر دیا کہ صوبہ ہزارہ بن چکا ہے ، تین مرتبہ خیبرپختونخوا اسمبلی سے قرارداد پاس ہو چکی، سینیٹ میں بل جمع کرایا جا چکا جو سٹینڈنگ کمیٹی کے پاس ہے ، کسی جماعت نے مخالفت نہیں کی، پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی، ایم کیو ایم سمیت سب نے حمایت کی، ہم پر امن طریقے سے صوبہ ہزارہ کے حصول کی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے خطاب میں کہا کہ آج کے کامیاب جلسے نے ثابت کر دیا ہے کہ اب صوبہ ہزارہ بنے گا، ہزارہ وال متحد ہیں، ہم محبت کرنے والی قوم ہیں، کسی کے خلاف نہیں، ہم اپنے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔اس موقع پر ایم این اے ڈاکٹر شائستہ جدون، چیئرمین آباد حنیف گوہر سواتی، سینیٹر محمد طلحہ محمود،بریگیڈیئر ریٹائرڈ شہزاد اعوان، نوابزادہ صلاح الدین، خان محمد تنولی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...