گلگت بلتستان کو پاکستان کے لئے ماڈل بنائیں گے ، وزیراعلیٰ
پی پی گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا مطالبہ کر رہی، مسئلہ کشمیر کو نقصان نہیں پہنچے گا مسائل ضرور حل کریں گے ، اگر کسی کو گڈ گورننس دیکھنی ہے تو آئیں، امجد حسین
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ امجد حسین نے خطے کو پاکستان کے لیے ماڈل بنانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کو صوبے بنانے کا مطالبہ کر رہی ہے ، اس سے مسئلہ کشمیر کو نقصان نہیں پہنچے گا۔ وزیر اعلیٰ امجد حسین نے کراچی میں پارٹی کارکنان سے خطاب میں کہا کہ گلگت بلتستان کے جو لوگ سندھ میں آباد ہیں بالخصوص کراچی میں، ان کی آبادی کافی بڑھ چکی ہے ۔امجد حسین نے کہا پی پی پی گلگت بلتستان کے مسائل ضرور حل کرے گی، اگر کسی کو گڈ گورننس دیکھنی ہے تو آئیں، گلگت بلتستان میں دیکھیں، گلگت بلتستان کو پاکستان کے لیے ماڈل بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا سندھ میں رہنے والے گلگت بلتستان کے بھائیوں کے تمام مسائل حل کرائیں گے ، کراچی میں موجود گلگت بلتستان کے لوگوں کے لیے زمینوں کی لیز اور قبرستان کی زمین کا مسئلہ بھی حل ہوگا اور سندھ میں ملازمتوں میں بھی حصہ دلانے کی کوشش کریں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہا پی پی پی صرف سندھ تک محدود نہیں ہے ، پی پی پی طویل جدوجہد پر یقین رکھتی ہے ، ہمیں اپنی قیادت پر فخر ہے ۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین آذر نے اس سے قبل مزار قائد پر حاضری دی جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہم نے مزار قائد پر حاضری دی، فخر محسوس ہوتا ہے ، بابائے قوم کے مزار پر آج وزیراعلیٰ کی حیثیت سے حاضری دی ہے ، ہمیں فخر ہے ہمارا دفاع محفوظ ہاتھوں میں ہے ، ہمیں بحیثیت قوم مل کر ملک کی تعمیر و ترقی میں جدوجہد کرنی ہے ۔ آج کے دن قائداعظم کے مزار پر عہد کرتے ہیں پاکستان کو دنیا کا عظیم ملک بنائیں گے ۔ ماحولیاتی تبدیلیوں اور گلگت بلتستان کے گلیشیئرز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا خطے کے بڑے گلیشیئرز کی حفاظت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ، دنیا اس وقت موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے گزر رہی ہے ، اس لیے گلیشیئرز کو محفوظ بنانا ناگزیر ہے ۔
انہوں نے خبردار کیا اگر گلیشیئرز کو نہ بچایا گیا تو خشک سالی کے مسائل میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے ۔ گلگت بلتستان کو صوبے کا درجہ دینے کے معاملے پر امجد حسین آذر نے کہا پیپلز پارٹی پر صوبوں کے خلاف ہونے کے الزامات عائد کیے جاتے ہیں، تاہم گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی حمایت بھی پیپلز پارٹی کر رہی ہے ۔ پارٹی کا مؤقف ہے کہ گلگت بلتستان کو صوبے کا درجہ دیا جائے اور اس عمل میں مسئلہ کشمیر کی حیثیت بھی برقرار رہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments