قومی شاہراہیں پہلے سے زیادہ محفوظ، پرامن ، آئی جی سندھ

قومی شاہراہیں پہلے سے زیادہ محفوظ، پرامن ، آئی جی سندھ

کسی کو بھی امن کی فضا خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ، لاڑکانہ میں اجلاس

لاڑکانہ (بیورو رپورٹ) آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی لاڑکانہ آمد، کچے کے علاقوں میں امن و امان کی صورتحال اور پولیس اقدامات کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کی،جس میں ڈی آئی جیز لاڑکانہ و سکھر، ایس ایس پیز گھوٹکی، خیرپور، قمبر شہدادکوٹ، کندھ کوٹ، جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ اور شکارپور سمیت ایس پی اسپیشل برانچ لاڑکانہ نے شرکت کی، جبکہ ڈی آئی جیز ہیڈکوارٹرز و فنانس اور اے آئی جیز فائنانس و ایڈمن نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ ڈی آئی جی سکھر ناصر آفتاب خان اور ڈی آئی جی لاڑکانہ شیراز نذیر نے متعلقہ اضلاع بالخصوص کچے کے علاقوں میں امن و امان کی صورتحال، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کارروائیوں اور امن کے قیام کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں کچے کے علاقوں میں قائم پولیس چوکیوں، پولیس انفرااسٹرکچر، گاڑیوں، افرادی قوت اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ کچے کے علاقوں میں امن و امان کی بحالی سندھ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مشترکہ حکمت عملی کا نتیجہ ہے ، امن کی بحالی ہمارے شہدا کی عظیم قربانیوں، غازیوں کی جرأت و بہادری اور پولیس جوانوں کی انتھک محنت کا ثمر ہے ، جن کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا قومی شاہراہیں پہلے سے زیادہ محفوظ اور پرامن ہو چکی ہیں، جس کا اعتراف ملک بھر کی تاجر برادری نے بھی کیا ہے ، سندھ حکومت اور پولیس نے کچے کے عوام سے کیا وعدہ پورا کرتے ہوئے امن و امان کی بحالی اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے نمایاں اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کچے کے علاقوں میں قائم امن کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور کسی کو بھی امن و امان کی فضا خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پائیدار امن کے لیے پولیس انفرااسٹرکچر کو مزید مستحکم بنایا جائے ، ضروری وسائل فراہم کیے جائیں اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری یقینی بنائی جائے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...