ایل پی جی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے حکومت سکیورٹی فراہم کرے :امپورٹرز
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )ایل پی جی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے اور سنگین بحران سے بچنے کیلئے ایل پی جی امپورٹرز نے حکومت سے سکیورٹی مانگ لی۔
اس حوالے سے چیئرمین ایل پی جی امپورٹرز ایسوسی ایشن شیخ مکرم وحید نے سیکرٹری وزارت پٹرولیم اور ڈی جی نیشنل لاجسٹک کارپوریشن راولپنڈی کو خط لکھ کر ہنگامی مدد کی اپیل میں کہا ہے کہ ایران کے تین بارڈرز بند ہیں ، سکیورٹی ناقص ہے جس کے سبب ایل پی جی باوزر کی ٹرانسپورٹیشن میں مسائل کا سامنا ہے ۔ایل پی جی امپورٹرز ایسوسی ایشن نے یہ خط وزیراعظم سیکرٹریٹ، چیف کلکٹر کسٹم، کلکٹر کسٹم کوئٹہ، گوادر اور چیئرمین اوگرا کو بھی ارسال کردیا ہے ۔ارسال خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران سے منسلک 3 بڑے بارڈر گبد، مند اور چاغی / ماشخیل کمرشل آمدورفت کیلئے بند ہیں، اس وقت صرف تفتان بارڈر فعال ہے جبکہ بلوچستان میں امن و امان کی خراب صورتحال کی وجہ سے تفتان سے پنجاب تک گاڑیوں کی نقل و حرکت شدید متاثر ہے ، ایل پی جی لانے والی جو گاڑیاں 3 سے 4 دن میں پنجاب پہنچتی تھیں، اب 10 دن سے زیادہ وقت لے رہی ہیں ، ڈرائیورز اور گاڑیوں کو شدید خطر ات ہیں، لہذا تفتان سے پنجاب تک این ایل سی کا محفوظ قافلہ سکارٹ فراہم کیا جائے ، اس عمل سے پنجاب میں ایل پی جی کی بلا تعطل فراہمی، صارفین کیلئے مستحکم قیمتیں اور انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments