قومی ایگزیکٹو کمیٹی :منی لانڈرنگ روکنے کیلئے اہم تجاویز منظور
اسلام آباد (اے پی پی) منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام کے لیے قائم قومی ایگزیکٹو کمیٹی نے۔۔۔
کرنسی ٹرانزیکشن رپورٹس (سی ٹی آرز) کی مقررہ حد میں مجوزہ نظرثانی، پاکستان میری ٹائم زونز ایکٹ 2023 کی دفعہ 28 کو انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ کے شیڈول اول میں شامل کرنے اور پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی (پی وی اے آر اے ) کو شیڈول چہارم میں شامل کرنے کی منظوری دے دی۔کمیٹی کا 19واں اجلاس منگل کو وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہوا جس میں ملک کے انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام کے نظام میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے قومی انسداد منی لانڈرنگ نظام کو مؤثر بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے اور اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں پر بروقت عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس میں مشتبہ اور کرنسی ٹرانزیکشن رپورٹس کے تجزیاتی نظام کے تحت کرنسی ٹرانزیکشن رپورٹس کے لیے مقررہ حد میں مجوزہ تبدیلی کا جائزہ لے کر اس کی منظوری دی گئی۔ کمیٹی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام کے نظام کو مالیاتی خطرات اور جدید ٹیکنالوجی کے بدلتے رجحانات سے ہم آہنگ رکھا جائے اور متعلقہ اداروں کی تجزیاتی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جائے ۔وزیر خزانہ نے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کی تجزیاتی اور عملی استعداد کار بہتر بنانے کے لیے واضح لائحہ عمل مرتب کرنے پر زور دیاجس میں عمل درآمد کی مدت اور اہداف کا تعین بھی شامل ہو۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments