ملکی ترقی کا راز اے آئی اور ڈیجیٹلائزیشن میں ہے :وزیراعظم

ملکی ترقی کا راز اے آئی اور ڈیجیٹلائزیشن میں ہے :وزیراعظم

علی بابا کا زرعی اجناس کی چینی مارکیٹس میں برآمد کیلئے تعاون خوش آئند

اسلام آباد (نامہ نگار) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈیجیٹلائزیشن، مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال پاکستان میں تجارت، برآمدات،زرعی پیداوار، کاروباری سہولت اور سرکاری خدمات کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے ۔ علی بابا گروپ کا پاکستان کی زرعی اجناس کی چینی مارکیٹس میں برآمد کیلئے تعاون خوش آئند ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معیشت و گورننس میں مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹلائزیشن اور علی بابا کے ساتھ تعاون پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ناگزیر ہے ۔ علی بابا گروپ کے تعاون سے کینسر کی پیشگی تشخیص کے نظام کا اطلاق بھی جلد یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اوگرا، علی بابا گروپ کے تعاون سے پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین کی نگرانی کا نظام جلد رائج کرے جبکہ ایکسپورٹ پروموشن بورڈ ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے تعاون یقینی بنائے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی ترقی کا راز اے آئی اور ڈیجیٹلائزیشن میں مضمر ہے ، تمام منصوبوں کو واضح اہداف، مقررہ مدت اور مؤثر نگرانی کے ساتھ آگے بڑھایا جائے ۔دریں اثنا، اسلام آباد کے سکولوں میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے سرکاری سکولوں کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام وسائل فوری بروئے کار لائے جائیں۔ اساتذہ تعلیم و تدریس کے علاوہ کسی اور سرگرمی میں حصہ نہیں لیں گے ۔ انہوں نے سکولوں کے انفراسٹرکچر کے تمام مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے ، طلبا و طالبات کیلئے مفت لنچ کا نظام فعال کرنے اور وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال کو مسائل ایک ہفتے میں حل کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے تمام سکولوں میں سمارٹ بورڈز جلد نصب کرنے اور جسمانی طور پر معذور طلبا و طالبات کیلئے ریمپ قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم سے وزیر ریلوے حنیف عباسی اور وفاقی وزیر ہاؤسنگ و ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں وزارت ریلوے کے انتظامی، مالیاتی و اصلاحاتی امور جبکہ وزارت ہاؤسنگ و ورکس کے امور اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...