ٹونگا کو ہرا کر فیفا انڈر15ورلڈ کپ میں پاکستان کی پہلی فتح
ٹونگا کو 1-6 سے شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کی، کلیم اللہ نے چار گول سکور کرتے ہوئے یادگار انفرادی کارکردگی کا مظاہرہ کیا عمدہ اٹیکنگ موومنٹ، مسلسل دباؤ اور مواقع سے فائدہ اٹھانے کی صلاحیت نے ابتدائی دھچکے کے بعد پاکستان کو بڑی فتح سے ہمکنار کیا
باکو (سپورٹس ڈیسک)پاکستان نے آذربائیجان میں جاری فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026 میں ٹونگا کو 1-6 سے شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کی، پاکستان کی جانب سے کلیم اللہ نے چار گول سکور کرتے ہوئے یادگار انفرادی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔میچ کے چھٹے منٹ میں ٹونگا کو پنلٹی ملنے کے بعد پاکستان کو غیر متوقع طور پر خسارے کا سامنا کرنا پڑا، تاہم ٹونگا کی برتری زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی۔ شاہینز نے فوری طور پر کھیل پر اپنی گرفت مضبوط کی اور مقابلے کے باقی حصے میں حریف ٹیم پر دباؤ برقرار رکھا۔کلیم اللہ نے ساتویں منٹ میں پنلٹی پر گول کرکے پاکستان کو مقابلے میں واپس لانے کے بعد 13ویں منٹ میں ٹیم کو برتری دلا دی۔ دائیں جانب سے آنے والے کراس پر کلیم اللہ نے بہترین ہیڈر کے ذریعے گیند جال میں پہنچا دی۔پاکستان نے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا اور ٹونگا کو دفاعی دباؤ میں رکھا۔ کلیم اللہ نے پہلے ہاف کے اضافی وقت میں ایک اور پنلٹی کو گول میں تبدیل کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور پاکستان کی برتری مزید مستحکم کردی۔دوسرے ہاف میں بھی شاہینز کے حملوں میں کمی نہ آئی۔ بائیں جانب سے کِک اِن پر آنے والی گیند گول کے دور والے پوسٹ پر موجود کلیم اللہ تک پہنچی، جنہوں نے بلند چھلانگ لگاتے ہوئے شاندار ہیڈر کے ذریعے اپنا چوتھا گول سکور کیا۔پاکستان کی جانب سے مقبول نے دور سے زوردار شاٹ لگا کر ایک اور گول سکور کیا، مصطفیٰ نے بائیں جانب سے بننے والے خوبصورت موو کو عمدگی سے مکمل کرتے ہوئے پاکستان کا چھٹا گول سکور کیا۔پاکستان نے میچ کے دوران مسلسل مواقع پیدا کیے اور ٹیم مزید گول بھی سکور کرسکتی تھی۔ عمدہ اٹیکنگ موومنٹ، مسلسل دباؤ اور مواقع سے فائدہ اٹھانے کی صلاحیت نے ابتدائی دھچکے کے بعد پاکستان کو ایک بڑی فتح سے ہمکنار کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments