پاک افغان سرحد پر فائرنگ سے متعلق افغان طالبان کا بیان جھوٹا، من گھڑت قرار
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت اطلاعات و نشریات نے پاک افغان سرحد پر فائرنگ کے واقعے سے متعلق افغان طالبان کے بیان کو جھوٹا، من گھڑت اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے فیکٹ چیک کے مطابق انگور اڈہ سرحدی واقعے پر افغان طالبان کی جھوٹے بیانیے کی تازہ کوشش ایک بار پھر ان کے فریب پر مبنی طرزِ عمل کی عکاسی کرتی ہے۔
وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ افغان طالبان فورسز نے پاکستانی حدود میں غیر مسلح شہریوں پر بلااشتعال فائرنگ کی اور مارٹر گولے برسائے، طالبان رجیم کی یہ بلااشتعال فائرنگ اس کے سرپرست بھارت کی ہدایات اور اس کے پراکسی عناصر کے طے کردہ طریقہ کار کا تسلسل ہے۔
فیکٹ چیک کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے فوری اور بھرپور جواب دیتے ہوئے افغان طالبان فورسز کی 7 پوسٹیں تباہ کر دیں، جس کے نتیجے میں افغان طالبان کو بھاری جانی و مادی نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
وزارت اطلاعات و نشریات نے مزید کہا کہ طالبان رجیم کے نام نہاد سرکاری ترجمانوں کے ایسے جھوٹے اور بے وقعت بیانات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، غیر نمائندہ طالبان رجیم اپنے عوام کو گمراہ کرنے کے لیے جھوٹ کا سہارا لے رہی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments