ماڑی انرجیز اور اینگرو فرٹیلائزرز کا کسانوں کی ترقی کیلئے اشتراک
معیاری بیج، کھاد و زرعی رہنمائی تک رسائی بہتر بنانے کے اقدامات کیے جائینگے
کراچی(بزنس ڈیسک)ماڑی انرجیز لمیٹڈ اور اینگرو فرٹیلائزرز لمیٹڈ نے کسانوں کی زرعی پیداوار اور آمدنی میں اضافے اور مقامی آبادی کی ترقی کیلئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے۔ اس اشتراک کے تحت کسانوں کو معیاری بیج، کھاد اور دیگر زرعی ضروریات تک بہتر رسائی فراہم کرنے اور کھاد کے متوازن استعمال کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کیے جائینگے۔ ماڑی انرجیز اپنے آپریشنز کے علاقوں میں کمیونٹی ڈیولپمنٹ کے تجربے اور اینگرو فرٹیلائزرز کی زرعی مہارت سے فائدہ اٹھائے گی۔ دونوں کمپنیاں کسانوں اور مقامی آبادی کی بہتری کیلئے مشترکہ پروگراموں کی منصوبہ بندی، ان پر عملدرآمد اور ان کی کارکردگی کا جائزہ لیں گی۔ ماڑی انرجیز کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر فہیم حیدر نے کہاکہ یہ معاہدہ کمیونٹی ڈیولپمنٹ کے شعبے میں کمپنی کی کوششوں کوآگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔اس اشتراک کے ذریعے کسانوں کی پیداوار اور آمدنی بڑھانے کیساتھ مقامی آبادی کیلئے تعلیم، روزگار، صحت اور کھیلوں کے شعبوں میں مواقع بڑھانے پر بھی توجہ دی جائیگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments