فلو ویکسین کی قلت برقرار، سرکاری خریداری بھی تاخیر

فلو ویکسین کی قلت برقرار، سرکاری خریداری بھی تاخیر

مریض چینی ویکسین خریدنے پر مجبور ،لاہور میں جعلی کھیپ پکڑی گئی، 2گرفتار ویکسین جلدپہنچ جائیگی :چیف ڈرگ کنٹرولر ،شہری مستند فارمیسی سے خریدیں :حکام

لاہور (ہیلتھ رپورٹر)پنجاب بھر میں تاحال فلو ویکسین کی فراہمی ممکن نہیں ہو سکی، سرکاری ہسپتالوں میں ویکسین کی عدم دستیابی برقرار اور سرکاری خریداری کا عمل بھی تاخیر کا شکار ہے جبکہ لاہورمیں جعلی فلو ویکسین کی بڑی کھیپ پکڑ کر 2ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا۔ذرائع کے مطابق مریض نجی مارکیٹ سے چینی فلو ویکسین خریدنے پر مجبور ہیں، جبکہ ملٹی نیشنل کمپنیوں کی ویکسین تاحال مارکیٹ میں دستیاب نہیں۔ ہزاروں افراد ملٹی نیشنل کمپنیوں کی فلو ویکسین کی آمد کے منتظر ہیں۔وزارت صحت کے مطابق فلو ویکسین کی خریداری میں قیمتوں کا مسئلہ درپیش ہے ۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان نے فلو ویکسین کی قیمتوں میں اضافے کی اجازت نہیں دی، جس کے باعث نئی قیمتوں کی منظوری نہ ملنے سے خریداری کا معاملہ تعطل کا شکار ہے ۔اس وقت مارکیٹ میں چینی فلو ویکسین 1500 روپے میں دستیاب ہے ، جبکہ ملٹی نیشنل کمپنیوں کی ویکسین مارکیٹ میں نہیں پہنچ سکی۔

ڈی جی ہیلتھ آفس میں بھی فلو ویکسین کی خریداری کا عمل تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔چیف ڈرگ کنٹرولر پنجاب فیصل محمود کا کہنا ہے کہ چند روز میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کی فلو ویکسین پاکستان پہنچ جائے گی۔ ذیابیطس کے مریضوں کیلئے اپیڈرا انسولین کی دستیابی ممکن ہو چکی ہے ، جبکہ ملٹی نیشنل کمپنیوں کے تحفظات دور کیے جا رہے ہیں ۔دوسری طرف لاہور میں فلو ویکسین کی قلت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مارکیٹ میں جعلی ویکسین فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ،جس پر ڈرگ انسپکٹرز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی ویکسین کی بڑی کھیپ پکڑکر 2 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔حکام کے مطابق کارروائی کے دوران ایبٹ کمپنی کی فلو ویکسین انفلوویک (Influvac) کی جعلی کھیپ برآمد کی گئی۔ مشتبہ ویکسین قبضے میں لے کر ڈرگ ایکٹ 1976 کے تحت کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔ واقعے کا مقدمہ درج کرنے اور مزید تحقیقات کا عمل جاری ہے ۔ڈرگ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ فلو ویکسین صرف لائسنس یافتہ فارمیسیز سے خریدیں۔ ویکسین خریدتے وقت بیچ نمبر، کمپنی کی مہر اور کولڈ چین کے انتظامات کو لازمی چیک کریں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...