ملک بھرمیں نویں جماعت کے 5لا کھ طلبہ کو کروم بکس دینے کا فیصلہ
70فیصد سائنس ،30فیصد آرٹس طلبہ کو ملیں گی ، تعلیمی بورڈز سے طلبہ کاڈیٹاطلب
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)وزیراعظم یوتھ کروم بکس منصوبے کے تحت ملک بھر میں نویں جما عت کے 5لاکھ طلبہ کو جدید ڈیجیٹل تعلیمی سہولیات فراہم کرنیکا فیصلہ کیاگیا ہے ، عملدرآمد کی ذمہ داری انٹر بورڈز کوآرڈی نیشن کمیشن کو سونپی گئی ہے ۔اس سلسلے میں آئی بی سی سی سیکرٹریٹ میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں منصوبے پر عملدرآمد کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔ بتایا گیا مجموعی طور پر پانچ لاکھ کروم بکس تقسیم کی جائیں گی۔ پہلے مرحلے میں تعلیمی سال 2026-27 کے دوران ڈھائی لاکھ جبکہ دوسرے مرحلے میں 2027-28 کے دوران مزید ڈھائی لاکھ کروم بکس طلبہ کو فراہم کی جائیں گی۔ منصوبے میں ملک بھر کے سرکاری سکولوں، فاؤنڈیشن سکولوں اور رجسٹرڈ دینی مدارس میں زیر تعلیم نویں جماعت کے اہل طلبہ کو شامل کیا جائے گا۔ مجموعی کروم بکس کا 70 فیصد سائنس کے طلبہ جبکہ 30 فیصد آرٹس کے طلبہ کے لیے مختص کرنے کی تجویز ہے ۔ صوبوں کے درمیان کروم بکس کی تقسیم قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کے فارمولے کے مطابق کی جائے گی۔اہل طلبہ کی نشاندہی، تصدیق کے لیے آئی بی سی سی نے ملک بھر کے ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈز سے طلبہ کا ڈیٹا طلب کر لیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments