سپین :تیز رفتار ٹرینوں میں تصادم،68افراد ہلاک،100سے زائد زخمی

سپین :تیز رفتار  ٹرینوں  میں  تصادم،68افراد  ہلاک،100سے زائد  زخمی

حادثہ میڈرڈ کے جنوب میں پیش آیا ، 15کی حالت تشویشناک،ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ،3روزہ سوگ کا اعلان صدر آصف علی زرداری،وزیراعظم شہباز شریف ،سینیٹر اسحاق ڈار کا ٹرین کے المناک حادثے پر افسوس کا اظہار

میڈرڈ،اسلام آباد(اے ایف پی،اے پی پی) سپین کے دار الحکومت میڈرڈ کے جنوب میں دو تیز رفتار ٹرینوں میں تصادم کے نتیجے میں 68 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے ،حکام کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے ۔وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے حادثے کے بعد ملک بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے ۔جائے حادثہ پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پورا سپین سوگوار ہے ۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سپین جیسے ملک میں ایک ہی سال کے دوران دو ایسے بڑے حادثات پیش آنا ناقابل قبول ہے ۔ علاقائی حکومت کی ایک ترجمان نے بتایا کہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، ان میں سے 58 کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ، جن میں سے 15 کی حالت تشویشناک ہے ۔سپین کی سرکاری ریلوے کمپنی \'رینفے \' نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ میڈرڈ سے جنوبی سپین جانے والی مرکزی ہائی سپیڈ لائن پر ٹریفک معطل کر دی گئی ہے ۔ حادثہ \'رینفے \' کی ایک ٹرین اور سپین کی نجی کمپنی \'ایریو\'کی ایک ٹرین کے درمیان پیش آیا۔ایریو نے اپنے بیان میں کہا کہ اس کی ٹرین میں 147 مسافر اور ڈرائیور سمیت عملے کے پانچ افراد سوار تھے ۔

کمپنی کے مطابق رینفے کی ٹرین نے اس کی ٹرین کو پیچھے سے ٹکر ماری،خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وسطی علاقے کاسٹیلا لا مانچا میں جائے حادثہ پر ایک ٹرین دوسری ٹرین میں دھنس گئی۔ ٹرین کی کئی بوگیاں پٹڑی سے اتر کر پشتے کے نیچے جاگریں اور دھاتی ملبے میں تبدیل ہوگئیں،صدر آصف علی زرداری،وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم سینیٹر اسحاق ڈار نے سپین میں ٹرینوں کے المناک حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ،صدر مملکت نے ایکس پرپوسٹ میں حادثہ میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں سپین کی قیادت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیز، سپین کے عوام اور اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے دلی تعزیت کی ہے ۔ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ پاکستان غم کی اس گھڑی میں سپین کے ساتھ کھڑا ہے ۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ ٹرینوں کے المناک تصادم میں ہلاکتوں پر دلی دکھ اور افسوس ہے ۔زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔ پاکستان اس مشکل وقت میں سپین کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...