رواں سال2410 دہشتگرد ہلاک،5سال میں 3لاکھ 26ہزار شناختی کارڈ منسوخ

رواں  سال2410 دہشتگرد  ہلاک،5سال  میں 3لاکھ 26ہزار  شناختی  کارڈ  منسوخ

اسلام آباد پولیس نے 244گاڑیاں خریدیں، اخراجات 2ارب 47کروڑ ، ٹریفک جرمانوں سے 63کروڑ وصول ہوئے سوشل میڈیا درخواستوں پر عملدرآمد میں یوٹیوب کی شرح 1.9 فیصد، ایکس 7.4 فیصد،فیس بک کی 38.1 فیصد رہی روزگار کیلئے 17 لاکھ 7 ہزار 625 پاکستانی خلیجی ممالک میں گئے ، وزارت سمندر پار پاکستانیز،قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات

 اسلام آباد (سید قیصر شاہ، اسلم لڑکا) قومی اسمبلی میں وزارت داخلہ کی جانب سے بتایا گیا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران تین لاکھ 26 ہزار سے زائد قومی شناختی کارڈ منسوخ کیے گئے ۔ وزارت داخلہ کے مطابق افغان شہریوں نے دھوکہ دہی اور جعل سازی کے ذریعے قومی شناختی کارڈ حاصل کیے تھے جنہیں منسوخ کیا گیا۔ سال 2026 میں دو لاکھ 55 ہزار 139، 2025 میں 624، 2023 میں 117 اور 2022 میں 62 شناختی کارڈ منسوخ ہوئے ۔وزارت سمندر پار پاکستانیز نے بتایا کہ 2024 سے 2026 کے دوران سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، عمان، بحرین اور کویت میں روزگار کے سلسلے میں 18 لاکھ 71 ہزار 666 میں سے 17 لاکھ 7 ہزار 625 پاکستانی گئے ۔وزارت داخلہ کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت رواں سال 29 ستمبر تک 5143 کارروائیاں کی گئیں جن کے نتیجے میں 2410 دہشت گرد ہلاک، 806 زخمی اور 2518 گرفتار کیے گئے ۔ایوان میں بتایا گیا کہ اسلام آباد پولیس نے مالی سال 2025-26 کے دوران دو ارب 47 کروڑ 79 لاکھ 89 ہزار 620 روپے کے اخراجات سے 244 گاڑیاں خریدیں۔

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر عائد جرمانوں کی مد میں 63 کروڑ 16 لاکھ 75 ہزار روپے سرکاری خزانے میں جمع کرائے گئے ۔ جرمانوں کی رقم اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون سے فیڈرل ٹریژری آفس کے ذریعے تصدیق اور حساب کتاب کے بعد جمع کرائی گئی۔ چالان ادا نہ کرنے والوں کے خلاف لنک ونادائیگی کے طریقہ کار کے تحت کارروائی کی جاتی ہے ۔ایوان میں سی ڈی اے کی ہاؤسنگ سکیموں، لائسنسوں اور اراضی کے معاملات پر بتایا گیا کہ 1969 ریسٹورنٹ کی سالانہ تجدید لائسنس فیس تین کروڑ 24 لاکھ روپے ، جبکہ ڈرم ریسٹورنٹ کی سالانہ تجدید فیس ایک کروڑ 98 لاکھ روپے ہے ۔ باقی دس لائسنس یافتگان کی سالانہ فیس 72 ہزار روپے ہے ۔وزارت داخلہ نے بتایا کہ سوشل میڈیا کمپنیوں کی جانب سے پاکستانی حکام کی درخواستوں پر عملدرآمد کی مجموعی شرح 23.7 فیصد ہے ۔ ایکس کی شرح 7.4 فیصد، یوٹیوب کی 1.9 فیصد اور فیس بک کی 38.1 فیصد ہے ، جبکہ انسداد دہشت گردی سے متعلق درخواستوں پر مجموعی تعمیل 47 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ سوشل میڈیا کمپنیوں نے تاحال پی ٹی اے کے سوشل میڈیا قواعد اختیار نہیں کیے ۔

ریاست مخالف یا حکومت مخالف مواد کے خلاف سب سے زیادہ درخواستیں پنجاب کی جانب سے کی گئیں جن کا تناسب 97.7 فیصد بتایا گیا۔وزارت داخلہ کے مطابق صوبوں اور وفاق کے درمیان آن لائن خطرات سے نمٹنے کے لیے مربوط رابطہ کاری کا نظام موجود نہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور اوپن انٹیلی جنس سیلز کو تربیت یافتہ تجزیہ کاروں اور چوبیس گھنٹے نگرانی کی کمی کا سامنا ہے ۔وزارت داخلہ نے بتایا کہ نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے مالی سال 2026-27 کے لیے دو ارب 98 کروڑ روپے سے زائد فنڈز طلب کیے ، تاہم رواں سال اسے ایک ارب 33 کروڑ روپے سے زائد جاری کیے گئے ۔ نیکٹا ایک قانونی انسداد دہشت گردی ادارہ ہے جس کے پاس گرفتاری اور قانون نافذ کرنے کے اختیارات نہیں۔ نیکٹا کو نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم ڈویژن میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے میں مؤثر کردار ادا کیا جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...