علما ،مذہبی قائدین کا اجلاس، خودکش حملوں کیخلاف فتویٰ کی توثیق

علما ،مذہبی قائدین کا اجلاس، خودکش حملوں کیخلاف فتویٰ کی توثیق

ریاست کیخلاف مسلح کا رروا ئیاں نا جائز،خودکش حملے حرام ، مشتر کہ اجلاس کا اعلامیہ ترقی کیلئے بلوچستان میں امن نا گزیر ،اجلاس میں فیلڈ مارشل کو خراج تحسین پیش

کوئٹہ (اے پی پی) چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی کی زیرِ صدارت قومی پیغامِ امن کمیٹی اور صوبائی پیغامِ امن کمیٹی کے زیرِ اہتمام علماء و مشائخ اور مختلف مذاہب کے قائدین کا مشترکہ اجلاس بدھ کو منعقد ہوا جس میں مولانا علی محمد ابو تراب، ڈاکٹر آصف میر، مفتی یوسف کشمیری، مولانا سید سمیع اللہ آغا، مولانا قاسم حقانی، علامہ نصر اللہ حسینی، مفتی محمد جان قاسمی، مولانا حزب اللہ عثمانی، مولانا سمیع اللہ اعوان، مولانا عبدالرحمن، مولانا عبداللہ حقانی، مفتی عمر فاروق، مولانا عبدالرحمان سلفی، پاسٹر سائمن بشیر، سردار جسبیر سنگھ اور دیگر علما و مشائخ اور مختلف مذاہب کے قائدین شریک ہوئے ۔ متفقہ اعلامیے میں خودکش حملوں، دہشت گردی، انتہا پسندی اور بے گناہ انسانوں کے قتل کے خلاف متفقہ فتویٰ کی توثیق اور پیغامِ پاکستان کے قومی بیانیے کی مکمل تائید کی گئی۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ خودکش حملے حرام، بے گناہ انسانوں کا قتل ناجائز اور دہشت گردی اسلام سمیت تمام مذاہب کی بنیادی تعلیمات کے منافی ہے ۔

کسی فرد، گروہ یا تنظیم کو مذہب، مسلک یا کسی نظریے کے نام پر قتل و غارت گری، ریاست کے خلاف مسلح کارروائیوں یا قانون کو ہاتھ میں لینے کا حق حاصل نہیں ، فتنۂ خوارج اور فتنۂ ہندوستان کے خلاف افواجِ پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کی جدوجہد کی مکمل تائید و حمایت کی جاتی ہے ۔ ملکی ترقی کیلئے بلوچستان میں امن ناگزیر ہے ، کسی کو مذہب یا مسلک کی آڑ میں بلوچستان کے امن کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،نوجوان نسل کو انتہا پسندانہ نظریات، نفرت انگیز پراپیگنڈے اور دہشت گرد تنظیموں کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے علماء و مشائخ، مذہبی قائدین، اساتذہ اور سماجی شخصیات مشترکہ کردار ادا کریں گی۔ اجلاس میں ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی عالمِ اسلام کے اتحاد، وحدتِ امت، علاقائی استحکام اور عالمی امن کے لیے کوششوں اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...