پارلیمنٹ لاجز میں سکیورٹی نہ سہولیات ، ڈپٹی سپیکر کا اظہارِ برہمی
اسلام آباد (نامہ نگار) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ نے پارلیمنٹ لاجز میں بنیادی سہولیات اور سکیورٹی انتظامات کی غیر تسلی بخش صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
ڈپٹی سپیکر کی زیر صدارت ہاؤس اینڈ لائبریری کمیٹی کے اجلاس میں پارلیمنٹ لاجز کی سہولیات، سکیورٹی، دیکھ بھال اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں کمیٹی ارکان نے ڈینگی سپرے نہ ہونے ، سی سی ٹی وی کیمروں کی خرابی، نگرانی کے نظام کی ناقص کارکردگی، فائر سیفٹی انتظامات کی عدم موجودگی اور لفٹس خراب ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔ لاجز کی ڈسپنسری میں ہنگامی طبی امداد کے لیے ضروری ادویات اور طبی آلات کی کمی کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔ڈپٹی سپیکر نے وزارت داخلہ کو سکیورٹی بہتر بنانے ،وزارت صحت کو ڈسپنسری میں ضروری ادویات، طبی آلات اور ہنگامی طبی سہولیات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سی ڈی اے کو سی سی ٹی وی کیمروں کی فعالیت اور نگرانی کا نظام بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کا بھی کہا۔ اجلاس میں پارلیمنٹ لاجز سے ملحقہ 104 اضافی فیملی سوٹس کی تعمیر کا جائزہ بھی لیا گیا۔ ڈپٹی سپیکر نے متعلقہ حکام کو تعمیراتی کام تیز کرکے منصوبہ بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments