اسحاق ڈار سے سیکرٹری جنرل مکہ دفاعی اتحاد کی ملاقات
لیفٹیننٹ جنرل (ر)نعمان محمود کو تقرری پر مبارکباد،نیک خواہشات کا اظہار نائب وزیر اعظم کا تاجکستان اور عمان کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ
اسلام آباد (وقائع نگار)نائب وزیر اعظم اسحاق ڈارسے مکہ دفاعی اتحاد کے پہلے سیکرٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمودنے وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ اسحاق ڈارنے لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود کو ان کی تقرری پر مبارکباد دی اور اہم ذمہ داریوں میں ان کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اسحاق ڈارنے علاقائی اور بین الاقوامی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں کو اجاگر کیا اور خطے میں پائیدار امن کو فروغ دینے میں مکہ دفاعی اتحاد کے اہم کردار پر زور دیا۔دریں اثنا اسحاق ڈار نے تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین مہرالدین سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، اس دوران فریقین نے پاکستان اور تاجکستان کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو وسعت دینے کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیاہے ۔ اسحاق ڈار نے سلطنت عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ، علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لئے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ نائب وزیراعظم نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ‘‘ایکس’’ پر اپنے پیغام میں جمہوریہ ترکیہ کے قیام کی 103 ویں سالگرہ کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان، وزیر خارجہ حاقان فیدان، حکومت اور برادر ترک عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments