وفاقی حکومت کا سندھ میں کاروبار کے فروغ کیلئے اصلاحات کا اعلان
آسان کاروبار ایکٹ کا مقصد کاروباری ضوابط آسان بنانا، سرمایہ کاری سے خوشحالی لانے کا وقت آ گیا ،وفاقی وزیر صنعت معاشی استحکام کی جانب پیشرفت کے بعد توجہ کاروباری مواقع پیدا کرنے ، معیشت مضبوط بنانے پر مرکوز ، ہارون اختر خان
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم کے مشیر اور وفاقی وزیر صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی )کے وفد اور سندھ کے وزرا کے ہمراہ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔انہوں نے ضابطہ جاتی اصلاحات کے ذریعے کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنے ، سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کی جانب سے آسان کاروبار ایکٹ 2025 متعارف کرانے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس قانون کا مقصد کاروباری ضوابط کو آسان بنانا، قانونی تقاضوں کی تکمیل سے متعلق پیچیدگیوں کو کم کرنا اور کاروباری برادری و سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں کاروبار کا آغاز اور توسیع آسان بنانا ہے ۔ ہارون اختر خان نے کہاکہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے ذریعے خوشحالی لانے کا وقت آ گیا ہے ، معاشی استحکام کی جانب پیشرفت کے بعد اب ہماری توجہ کاروباری مواقع پیدا کرنے ، روزگار بڑھانے اور قومی معیشت کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہے ۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ وفاقی حکومت کے ضابطہ جاتی اصلاحات کے منصوبے میں پاکستان ریگولیٹری رجسٹری اور پاکستان بزنس پورٹل کا قیام شامل ہے ، جس کا مقصد طریقہ کار کو سہل بنانا اور غیر ضروری ضابطہ جاتی رکاوٹوں کو دور کرنا ہے ۔
اس اقدام کے ذریعے ملک بھر میں کاروبار کے لیے زیادہ سازگار ماحول پیدا کیا جائے گا۔خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کونسل ضابطہ جاتی اصلاحات میں ہم آہنگی پیدا کرنے ، وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان تعاون کو مؤثر بنانے اور سرمایہ کاروں و کاروباری اداروں کو درپیش انتظامی رکاوٹوں کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔ سندھ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کراچی پاکستان کا مالیاتی اور تجارتی مرکز ہے اور کاروباری اصلاحات پر عمل درآمد، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے ، تجارت کو سہل بنانے اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے کاروباری ترقی اور معاشی پیشرفت کے لیے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے سازگار سرمایہ کاری ماحول کی تشکیل میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے باہمی اشتراک کو بھی اہم قرار دیا۔ ہارون اختر خان نے کہا پاکستان کا بڑھتا ہوا عالمی تشخص، بالخصوص مشرقِ وسطیٰ میں علاقائی کشیدگی کے دوران امن کے فروغ اور مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے کا کردار، سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے اور عالمی کاروباری اداروں کو پاکستان کی جانب راغب کرنے کا ایک اہم موقع ہے ۔ انہوں نے کہا مجوزہ لیز ماڈل کے تحت کاروباری اداروں کو ان زونز میں زمین لیز پر دستیاب ہوگی، جس سے صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔اس موقع پر سندھ کے وزیر آبپاشی، منصوبہ بندی و ترقی جام خان شورو نے وفاقی حکومت کے اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری اداروں، برآمد کنندگان اور درآمد کنندگان کی معاونت کے لیے مربوط اصلاحات ناگزیر ہیں۔یہ اقدامات کاروباری برادری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں مدد دیں گے ، جس سے برآمد کنندگان اور درآمد کنندگان اپنی سرگرمیوں کو وسعت دے سکیں گے ، تجارتی روابط مضبوط ہوں گے اور عالمی منڈیوں میں نئے مواقع تلاش کیے جا سکیں گے ۔اس موقع پر وزیراعظم کے معاون برائے تجارت و صنعت و پیداوار رانا احسان افضل خان نے بھی خطاب کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments