پاکستان میں 1لاکھ 21ہزار کمانے والا امیر، 10فیصد میں شامل
5 کروڑ 76 لاکھ افراد کے یومیہ 831 روپے سے بھی کم کمانے کا انکشاف دیہی علاقو ں میں غربت کی شرح شہروں کے مقابلے میں زیادہ رہی :رپورٹ
کراچی(این این آئی)پاکستان میں آمدنی کی تقسیم اور غربت سے متعلق ورلڈ اِن ایکوائلٹی ڈیٹا بیس کی رپورٹ کے مطابق ماہانہ ایک لاکھ 21 ہزار روپے کمانے والا فرد ملک کے سب سے زیادہ آمدنی رکھنے والے 10 فیصد طبقے میں شامل ہے ۔ پاکستان میں اگر کسی شخص کی ماہانہ آمدنی ایک لاکھ 21 ہزار روپے ہے تو وہ آمدنی کے لحاظ سے ملک کے امیر ترین 10 فیصد افراد میں شمار ہوتا ہے ، جبکہ باقی 90 فیصد آبادی کی ماہانہ آمدنی اس حد سے کم ہے ۔اسی طرح ماہانہ ایک لاکھ 89 ہزار روپے کمانے والا فرد ملک کے زیادہ آمدنی رکھنے والے 5 فیصد طبقے میں شامل ہوتا ہے ، جس کی آمدنی اس رقم کے برابر یا اس سے زیادہ ہے ۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے 5 کروڑ 76 لاکھ سے زائد افراد جو مجموعی آبادی کا تقریباً 23 فیصد بنتے ہیں، روزانہ 3 ڈالر یعنی تقریباً 831 روپے سے بھی کم آمدنی رکھتے ہیں۔ 12 کروڑ سے زائد پاکستانی، جو ملک کی آبادی کا 47.9 فیصد ہیں، روزانہ 4.20 ڈالر یعنی تقریباً 1176 روپے سے کم کماتے ہیں۔ اسی طرح 21 کروڑ 88 لاکھ افراد کی یومیہ آمدنی 8.30 ڈالر، یعنی تقریباً 2300 روپے سے بھی کم بتائی گئی ہے ۔دیہی علاقوں میں غربت کی شرح شہری علاقوں کے مقابلے میں زیادہ رہی، جہاں یہ شرح 56.4 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ شہری علاقوں میں غربت کی شرح 34.4 فیصد رہی۔رپورٹ میں مہنگائی، معاشی سست روی اور آمدنی میں کمی کو غربت کی اہم وجوہات قرار دیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ خوراک اور توانائی، بالخصوص بجلی اور گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو گھریلو بجٹ پر اضافی دباؤ کا سبب بتایا گیا ہے ، جس سے کم آمدنی والے خاندانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments