قانون کی بالادستی کے بغیر سیاسی استحکام ناممکن، حلیم عادل
کے پی قیادت کی گمشدگی ظاہر، احتساب یکساں، آئین و قانون کی حکمرانی بحال کی جائے ملک کو آگے لے جانے کیلئے فسطائیت، الزام تراشی اور سیاسی انتقام کا سلسلہ ختم کرنا ہوگا
کراچی (این این آئی) تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے ملکی سیاسی صورتحال پر ویڈیو بیان میں مطالبہ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کی منتخب قیادت کی گمشدگی ظاہر کی جائے ، عمران خان، ان کے اہل خانہ اور سیاسی کارکنوں کی رہائی یقینی بنائی جائے ، جبکہ 8 فروری کے انتخابات میں ملنے والے عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے اسے واپس کیا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک صوبے کے ساڑھے چار سے پانچ کروڑ عوام کے منتخب وزیراعلیٰ، اسپیکر اور ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے صوبائی صدر کہاں ہیں، اس بارے میں کسی کو کچھ معلوم نہیں۔ حکومتی ذمہ داران کا کہنا ہے وزیراعلیٰ و دیگر رہنما محفوظ ہیں، سوال یہ ہے اگر وہ محفوظ ہیں تو ان سے رابطہ کیوں نہیں ہو پا رہا؟انہوں نے کہا دہشت گردی کے خلاف بڑے آپریشن کی تیاریاں کی جا رہی تھیں، لیکن تاحال کوئی واضح کارروائی دکھائی نہیں دے رہی۔
ان کا کہنا تھا کرپشن کے خلاف احتساب ضرور ہونا چاہئے ، پی ٹی آئی کی کرپشن کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی ہے ، تاہم وفاقی، سندھ اور پنجاب حکومتوں کو بھی اپنے ادوار میں سامنے آنے والے اسکینڈلز کا جواب دینا چاہئے ۔ احتساب کرنا ہے تو ضرور کریں، لیکن یہ سب کے لیے یکساں اور بلاامتیاز ہونا چاہئے ۔ حلیم عادل نے کہا ملک کو آگے لے جانے اور موجودہ بحران سے نکالنے کے لیے فسطائیت، الزام تراشی اور سیاسی انتقام کا سلسلہ ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سب سے پہلے عمران خان سے پارٹی رہنماؤں اور اہل خانہ کی ملاقات یقینی بنائی جائے ، ملاقاتوں پر عائد پابندیاں ختم کی جائیں اور ان کی بہنوں، خواتین اور بزرگوں کو رہا کیا جائے ۔ ان کا کہنا تھا ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی بحال اور عدلیہ کو آزاد کیا جائے ، کیونکہ قانون کی بالادستی کے بغیر سیاسی استحکام ممکن نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments