مولانا کا دامن صاف ہے تو کارروائی کا سامنا کریں:خواجہ آصف
جے یو آئی کا یہ کہنا کہ گورنر راج میں کبھی حصہ نہیں مانگا معصومیت کا اظہار سیاست دانوں پر اس طرح کے حالات آتے رہتے ہیں :وزیر دفاع، انٹرویو
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ جے یو آئی کا یہ کہنا معصومیت کا اظہار ہے کہ انہوں نے گورنر راج میں کبھی حصہ نہیں مانگا۔ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن سے پہلے بھی اختلافات رہے ہیں لیکن اس نہج پر نہیں پہنچے ، مولانا فضل الرحمن کو فوری رد عمل نہیں دینا چاہتا تھا۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ میرے مولانا سے اچھے مراسم ہیں، میری ذات پر حملہ مسئلہ نہیں لیکن مولانا حکومت کی ساکھ پر حملہ کر رہے تھے اگر مولانا فضل الرحمن کا دامن صاف ہے تو وہ اپنے خلاف شروع ہونے والی کارروائی کا سامنا کریں۔انہوں نے کہاکہ سیاست دانوں پر اس طرح کے حالات آتے رہتے ہیں ، نواز اور شہبازشریف بھی اس وقت سے گزرے ہیں، ہم سب نے ان حالات کو پہلے بھی بھگتا آئندہ بھی بھگتیں گے ۔خواجہ آصف نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں 13 سال میں کرپشن عروج پر پہنچی ،ترقیاتی فنڈ کیلئے بڑی رقم لی جاتی تھی جو جیبوں میں جاتی تھی، پی ٹی آئی میں کئی گروپس ہیں، ہر گروپ ایک دوسرے سے جنگ کی حالت میں ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments