دشمن پر برتری کیلئے دفاعی صلاحیتوں میں ترقی، آپریشنل تیاریاں ناگزیر : فیلڈ مارشل
سی ڈی ایف عاصم منیر کا ہیڈکوارٹرز ایس ایس جی تربیلا کا دورہ ،یادگار شہدا پر حاضری ،پھول چڑھائے ، فاتحہ خوانی ایس ایس جی کے جوانوں نے جنگی مہارت، تیز رفتاری ،درست کارروائی کی صلاحیتوں ،جدید ترین آلات کا مظاہرہ کیا
راولپنڈی (خصوصی نیوزرپورٹر)چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بدلتے ہوئے سکیورٹی خطرات،نئے چیلنجز کا موثر مقابلہ کرنے اور دشمن پر برتری برقرار رکھنے کے لیے مسلسل تربیت، دفاعی صلاحیتوں کی ترقی اور آپریشنل تیاریوں پر غیر متزلزل توجہ ناگزیر ہے ۔پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ہیڈکوارٹرز سپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی)تربیلا کا دورہ کیا جہاں جی او سی ایس ایس جی نے ان کا استقبال کیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے مادرِ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ایس ایس جی کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز کو ایس ایس جی کی خصوصی تربیت، آپریشنل تیاریوں اور مشن کی تکمیل کے لیے استعدادِ کار سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر انہیں جدید ترین خصوصی آلات کا مظاہرہ بھی دکھایا گیا جبکہ ایس ایس جی کے جوانوں نے خصوصی آپریشنز میں اپنی جنگی مہارت، تیز رفتاری اور درست کارروائی کی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔افسران اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان کی پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلے اور فرائض سے غیر متزلزل وابستگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے سکیورٹی خطرات،نئے چیلنجز کا موثر مقابلہ کرنے اور دشمن پر برتری برقرار رکھنے کے لیے مسلسل تربیت، مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کی ترقی اور آپریشنل تیاریوں پر غیر سمجھوتہ کن توجہ ناگزیر ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments