جعلی ، غیرمصدقہ خبریں آج سب سے بڑا چیلنج : وزیر اطلاعات

جعلی ، غیرمصدقہ خبریں آج سب سے بڑا چیلنج : وزیر اطلاعات

ہر شعبے میں ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ،مصنوعی ذہانت کا استعمال یقینی بنانا ہوگا ، خطاب احسن اقبال سے ملاقات، سیاحت کے فروغ کیلئے موثر ادارہ جاتی نظام کی ضرورت پر زور

اسلام آباد(دنیا نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ الیکٹرانک میڈیا کے آنے سے ریگولیشن فریم ورک بنے ، آج کے دور میں جعلی اور غیرمصدقہ خبریں سب سے بڑا چیلنج ہیں، مصنوعی ذہانت کا مثبت استعمال یقینی بنانا ہوگا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  عطا تارڑ نے کہا کہ زندگی کے ہر شعبے میں ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے ، ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے یو این ڈی پی کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، پائیدار ترقی کا مقصد موجودہ اور آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کو یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کا سب سے بڑا خطرہ ڈس انفارمیشن ہے ، ہر انسان کو اس چیلنج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،سوشل میڈیا پر فیکٹ چیک کے نظام کو بہتر بنانا اہم ضرورت ہے ،وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کے دوران جنریشن زی نے سوشل میڈیا پر کمال مہارت کا مظاہرہ کیا، بھارتی میڈیا کی جانب سے پھیلائی گئی جعلی خبروں کا پاکستانی میڈیا نے ذمہ داری سے جواب دیا ، انہوں نے کہا کہ پیکا ایکٹ آزادی اظہار رائے پر قدغن نہیں، اس کا اطلاق صرف الیکٹرانک کرائم پر ہوتا ہے ، دریں اثنا وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اﷲ تارڑ نے ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاحت سردار ایاز نے پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے اقدامات اور 2025-26 کی کامیابیوں پر بریفنگ دی ،ملاقات میں سیاحت اور کھیلوں کے فروغ کے لیے قومی سطح پر موثر اداروں کے قیام اور صوبوں کے درمیان بہتر رابطہ کاری کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں سیاحت کے فروغ کیلئے موثر ادارہ جاتی نظام کی ضرورت پر زور دیا گیا ، وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے ایک خودمختار پاکستان ٹورازم اتھارٹی قائم کرنے کی ضرورت ہے جس میں چاروں صوبوں کے نمائندے شامل ہوں اور جو قومی سطح پر سیاحتی سرگرمیوں کو مربوط انداز میں آگے بڑھائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...