اسحاق ڈار کے عمانی اور ایرانی ہم منصبوں سے ٹیلیفونک رابطے
وزرائے خارجہ کی دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے ، خطے کی صورتحال پربھی گفتگو پاکستان کی سفارتی کوششوں بارے قرارداد سلامتی کونسل میں منظور:نائب وزیراعظم
اسلام آباد(آن لائن ،اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سلطنت عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسعیدی اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطے کئے ہیں ،جن میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور عمان کے وزرائے خارجہ کے درمیان گفتگو میں باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے ، دیرینہ دوستانہ تعلقات کے علاوہ حالیہ علاقائی اور عالمی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے مسلسل رابطوں، بامقصد مکالمے اور سفارتی روابط برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا ۔ علاوہ ازیں سینیٹر اسحاق ڈار کی ایرانی ہم منصب سے ٹیلیفونک گفتگو میں علاقائی صورتحال اور خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
اسحاق ڈار نے مسائل کے حل کیلئے مسلسل مکالمے اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے کہا کہ تمام فریقین کو تعمیری انداز میں سفارتی عمل سے جڑے رہنے کی ضرورت ہے ،خطے میں پائیدار امن، سلامتی اور استحکام کیلئے فعال اور مسلسل سفارتی کوششیں ضروری ہیں ۔دریں اثناء اپنے ایک بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی پیش کردہ سفارتی کوششوں سے متعلق قرارداد سلامتی کونسل میں متفقہ طور پر منظور ہوگئی ،اقوام متحدہ نے دوران جنگ سفارتکاری کے کردار پر صدارتی بیان منظور کرلیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ مسلح تنازعات کے دوران سفارت کاری کشیدگی کم کرنے اور امن کے فروغ کا اہم ذریعہ ہے ،دوران جنگ سفارت کاری پیچھے نہیں ہٹنی چاہیے بلکہ اسے مزید مؤثر ہونا چاہیے ، سلامتی کونسل میں پاکستان کی قرارداد 2788 کے بعد امن کیلئے سفارتی کوششوں کا تسلسل ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments