عدلیہ کو ایگزیکٹو سے الگ ہونا چاہتے تاکہ قانون طاقتور کی خواہش کا غلام نہ ہو:جسٹس جمال مندوخیل
بینچ اور بار نظام انصاف کے لازمی ستون، عدالتی انتظام میں احتساب کیلئے جامع طریقہ کار نافذ کیا گیا:چیف جسٹس یحییٰ آفریدی جسٹس جمال مندوخیل کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا:اٹارنی جنرل، ریٹائرمنٹ پر منعقدہ فل کورٹ ریفرنس سے خطاب
اسلام آباد (کورٹ رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ عدلیہ کو ایگزیکٹو سے الگ ہونا چاہیے تاکہ قانون طاقتور کی خواہش کا غلام نہ ہو۔ عدلیہ ایگزیکٹو سے الگ رہ کر ہی ریاستی اداروں سے جواب طلبی کر سکتی ہے ۔ ایک جج اپنے حلف کے بغیر کچھ نہیں ہوتا۔ میں سمجھتا ہوں جج کو اپنا حلف ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے ۔ عدلیہ کو آزاد ہونے کے ساتھ آئین و قانون کا ماتحت ہونا چاہیے ۔ جج کے کردار یا طرزعمل کا حتمی فیصلہ کرنے کا اختیار کسی ایک شخص کو حاصل نہیں ہوتا، جج کی قابلیت، دیانت داری اور کردار کا اصل معیار اس کے عدالتی فیصلے ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جسٹس جمال مندوخیل نے اپنے اعزاز میں الوداعی فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا آج جو کچھ ہوں اپنے والدین اور اساتذہ کی وجہ سے ہوں۔ اکثر یہ قول سقراط سے منسوب کیا جاتا ہے کہ ایک جج میں چار خوبیاں ہونی چاہئیں۔ جج تحمل اور خوش اخلاقی سے فریقین کی بات سنے ، دانشمندی سے جواب دے ، سنجیدگی سے غور و فکر کرے اور غیر جانبداری کے ساتھ فیصلہ کرے ۔ آئین پارلیمان، عدلیہ اور انتظامیہ کو بتاتا ہے کہ وہ کیا کر سکتے ہیں۔ ریاست کے دیگر اداروں کے اختیارات پر نگرانی قائم کرنا عدلیہ کا آئینی کردار ہے ۔ حقوق اور قانون تک عام شہریوں کی اسی طرح رسائی ہونی چاہیے جس طرح طاقتور اور بااثر افراد کو حاصل ہوتی ہے ۔ ایک جج آئین اور قانون کی بالادستی صرف اپنے عدالتی فیصلوں کے ذریعے برقرار رکھ سکتا ہے ۔
انہوں نے کہا بطور جج مجھے سب سے زیادہ جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس ہاشم کاکڑ نے سپورٹ کیا۔ اکیلا انسان کچھ نہیں ہوتا۔ صلاح مشورے سے کیے گئے فیصلے ٹھیک ہوتے ہیں۔ امید ہے پارلیمنٹ بھی اجتماعی دانش کے تحت فیصلے کرے گی۔ چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا بینچ اور بار نظام انصاف کے لازمی ستون ہیں، دونوں کے درمیان باہمی احترام، ہم آہنگی اور تعمیری روابط برقرار رکھنا ضروری ہے ، عدالتی انتظام میں شفافیت، یکسانیت اور احتساب یقینی بنانے کیلئے جامع معیاری طریقہ کار نافذ کیا گیا ہے جبکہ کسی بھی شہری کو مالی مشکلات کے باعث قانونی نمائندگی سے محروم نہیں رہنا چاہیے ۔ انہوں نے جسٹس جمال خان مندوخیل کی شاندار عدالتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا انہوں نے آئینی قانون، عدالتی انتظام اور ادارہ جاتی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ سپریم کورٹ میں ان کی مخلصانہ مشاورت اور تعاون نے باہمی ہم آہنگی کو فروغ دیا۔ انہوں نے خدمات پر اظہار تشکر کرتے ہوئے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے اپنے خطاب میں کہا جسٹس جمال مندوخیل کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وہ سکول میں فٹبال ٹیم کے کپتان رہے ۔ کپتانی والی صلاحیت قانونی امور میں بھی برقرار رہی۔ جسٹس جمال مندوخیل کے تاریخی فیصلے موجود ہیں۔تقریب میں سپریم کورٹ کے ججز، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل پیر مسعود چشتی، صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن سید امجد شاہ اور سینئر لاء افسران نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments