پاکستان، ازبکستان کا دو طرفہ تعاون علاقائی روابط مستحکم بنانے پر اتفاق
اسلام آباد (وقائع نگار)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پاکستان کے معاشی استحکام، علاقائی روابط کے فروغ اور ادارہ جاتی اصلاحات کے حوالے سے مختلف اہم اجلاسوں کی صدارت اور سفارتی رابطے کئے ۔
انہوں نے ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف سے ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون، علاقائی ترجیحات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے (ایس سی او)اور اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او)سمیت مختلف علاقائی فورمز پر تعاون بڑھانے اور مشترکہ ترجیحات کے فروغ کے لئے قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا ، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر مسلسل رابطے برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ،دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت پاکستان ریلوے کی بہتری، جدید خطوط پر تنظیم نو اور ادارے کے مالی استحکام سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، مقامی بینکوں سے مالی معاونت اور بین الاقوامی فنڈنگ سمیت مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے متعلقہ وزارتوں اور مالیاتی اداروں کو ہدایت کی کہ بالخصوص مین لائن ون (ایم ایل ون)منصوبے کے روہڑی تا ملتان سیکشن پرعملدرآمد کے لئے کمرشل بینکوں سے مالی اعانت حاصل کرنے کا مناسب طریقہ کار وضع کیا جائے ،علاوہ ازیں نائب وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں عالمی محنت کش تنظیم (آئی ایل او) سمیت دیگر بین الاقوامی کنونشنز اور معاہدوں کے تحت پاکستان کی ذمہ داریوں اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے گورنر سندھ سید نہال ہاشمی نے ملاقات کی اور سندھ میں ترقیاتی اقدامات اور تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments