پنجاب حکومت کہیں نہیں جارہی :عظمٰی بخاری

پنجاب حکومت کہیں نہیں جارہی :عظمٰی بخاری

حکومت کے خاتمے کی افواہیں پھیلانے والوں کو جلد بڑا سیاسی ’’شاک ‘‘ملے گا خواتین، بچوں کے تحفظ کیلئے اینٹی ریپ ایکٹ لایا، خصوصی عدالتیں قائم ہونگی

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)صوبائی وزیراطلاعات  و ثقافت عظمیٰ بخاری نے پنجاب میں کسی بھی سیاسی تبدیلی یا وزیراعلیٰ مریم نواز کو ہٹائے جانے سے متعلق افواہوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ پنجاب کی حکومت مکمل طور پر مستحکم ہے اور کہیں نہیں جا رہی۔انہوں نے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا جو لوگ یہ افواہیں پھیلا رہے ہیں یا حکومت کے خاتمے کی پیشگوئیاں کر رہے ہیں کہ پنجاب حکومت جا رہی ہے یا مریم نواز کی جگہ کوئی اور آ رہا ہے ، انہیں جلد ہی سیاسی طور پر بڑا ’’شاک‘‘(دھچکا)ملے گا۔ ان کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صوبے میں گڈ گورننس، میرٹ اور ترقی کا جو ماڈل قائم ہوا ہے ، اس سے مخالفین خائف ہیں اور جھوٹا پراپیگنڈا کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے اور اپنے بیان میں کیا۔عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت حالات و واقعات کے مطابق اپنا اینٹی ریپ ایکٹ لائے گی، جس کے تحت خصوصی عدالتیں بھی قائم کی جائیں گی۔ بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم کی روک تھام کیلئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تاریخی اقدامات کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف واحد وزیراعلیٰ ہیں جو خود کرپشن کے خلاف بات کرتی ہیں،محسن نقوی کا بھی کہنا ہے کہ کرپشن پورے ملک میں ہوتی ہے لیکن اس کے خلاف کارروائی صرف پنجاب میں ہو رہی ہے ۔ صوبوں کے معاملے پر گفتگو کرتے عظمیٰ بخاری نے کہا وفاقی حکومت اور کابینہ نے ریفرنڈم کے حوالے سے فیصلہ کرنا ہے ۔ پارٹی قیادت جو بھی فیصلہ کرے گی، ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ صوبوں کے حوالے سے فیصلہ سیمینارز یا کاروباری شخصیات نے نہیں بلکہ پارلیمنٹ نے کرنا ہے ۔ وزیراعظم اور پارٹی قیادت کا جو موقف ہوگا، اسی کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔ 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...