پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ کے اجراکاطریقہ کاروضع کرنیکافیصلہ

پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ کے اجراکاطریقہ کاروضع کرنیکافیصلہ

بری، ڈسچارج یا خارج مقدمات کا ریکارڈ کلیئرنس سرٹیفکیٹ پر ظاہر نہیں کیاجائیگا پولیس آرڈر 2002 میں ترمیم کیلئے بل پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پیش ہوگا

لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب حکومت نے مقدمات میں بری، ڈسچارج یا مقدمہ خارج ہونے والے شہریوں کو پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ کے اجرا کا باقاعدہ قانونی طریقہ کار وضع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ پنجاب پولیس آرڈر 2002 میں ترمیم کے لیے پولیس آرڈر (ترمیمی) ایکٹ 2026 پنجاب اسمبلی پہنچ گیا جسے رواں اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔اس مسئلے کے حل اور شہریوں کے روزگار اور ساکھ کے تحفظ کے لیے قانون سازی کی جا رہی ہے ۔بل کے تحت بری ہونے یا مقدمہ خارج ہونے کی صورت میں پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ جاری کرتے وقت متعلقہ فوجداری مقدمے کا ریکارڈ ظاہر نہیں کیا جائے گا، تاہم پولیس محکمہ متعلقہ شہری کا فوجداری ریکارڈ اپنے داخلی ریکارڈ میں محفوظ رکھنے کا پابند ہوگا۔ عادی مجرم قرار دیے گئے شخص کی حیثیت پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ میں ظاہر کی جائے گی۔مجوزہ قانون کے مطابق پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے درخواست متعلقہ ضلع کے سربراہ پولیس افسر کو دینا ہوگی۔

اگر درخواست گزار کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہ ملے تو اسے تین روز کے اندر پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ جاری کرنا لازم ہوگا۔ مقدمے میں بری ہونے والے شہری کو متعلقہ عدالتی احکامات کی مصدقہ نقول درخواست کے ساتھ جمع کرانا ہوں گی۔ عدالتی احکامات کی تصدیق کے بعد متعلقہ شہری کو 15 روز کے اندر پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ جاری کیا جا سکے گا۔ضلعی پولیس سربراہ کو انکار کی وجوہات پر مشتمل تحریری حکم جاری کرنا ہوگا، جبکہ متاثرہ شہری کو اس فیصلے کے خلاف 14 روز کے اندر اپیل دائر کرنے کا حق حاصل ہوگا۔ مجاز افسر اپیل پر متاثرہ شہری کو سماعت کا موقع دینے کے بعد 30 روز کے اندر فیصلہ کرنے کا پابند ہوگا۔مجوزہ ترمیم کے تحت صوبائی پولیس افسر کو اختیار ہوگا کہ وہ ان مقدمات کی درجہ بندی کرے جن کا ریکارڈ پولیس سرٹیفکیٹ میں ظاہر نہیں کیا جائے گا۔ پولیس ریکارڈ سرٹیفکیٹ کے اجرا کا طریقہ کار اور اپیلوں کی سماعت کرنے والے مجاز افسر کا تعین بھی صوبائی پولیس افسر کرے گا۔بل قائمہ کمیٹی برائے قانون سے رپورٹ کے بعد پنجاب اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، جس کے بعد حتمی منظوری کے لیے گورنر پنجاب کو بھجوایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...