15 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی کا ریکارڈ کارگو پورٹ قاسم پہنچ گیا
نئی ایل پی جی گائیڈ لائنز کے تحت پہلی بڑی درآمد، مقصد عوام کو سستی گیس فراہمی درآمد سے دستیابی بہتر، سپلائی رکاوٹیں دور،قیمت میں کمی لانے میں مدد ملے گی ،حکام
اسلام آباد (اے پی پی) حکومت کی جانب سے ایل پی جی کے شعبے میں ڈی ریگولیشن اور نئی درآمدی پالیسی کے تحت ایس ایس جی سی ایل کی ذیلی کمپنی ایس ایس جی سی ایل ایل پی جی لمیٹڈ نے 15 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی کا ریکارڈ کارگو درآمد کر لیا، جو اینگرو ووپاک ٹرمینل لمیٹڈ پر لنگر انداز ہو گیا۔ بدھ کو وزارت پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ نئی ایل پی جی گائیڈ لائنز کے تحت پہلی بڑی درآمد ہے جس کا مقصد عوام کو سستی قیمتوں پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنانا ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف اوروفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی قیادت میں حکومت نے ایل پی جی کی قیمتوں کے نظام میں تبدیلی کرتے ہوئے سرکاری اداروں کو ایل پی جی کی درآمد اور ملکی سپلائی چین مضبوط بنانے میں مرکزی کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے ۔اس سے قبل ریگولیٹری رکاوٹوں کے باعث نجی شعبے کی متعدد کمپنیاں درآمدی سرگرمیوں سے دستبردار ہو گئی تھیں۔ حکومت کی جانب سیسرکاری اداروں کو درآمدات کی قیادت سونپنے کا مقصد خصوصاً موسم سرما میں ایل پی جی کی دستیابی یقینی بنانا ہے ۔
حکام کے مطابق ایل پی جی کی اضافی درآمد سے مارکیٹ میں دستیابی بہتر ہونے ، سپلائی کی رکاوٹیں دور کرنے اور قیمتوں میں کمی لانے میں مدد ملے گی ۔اس موقع پر پورٹ قاسم پر کارگو کی آمد کے حوالے سے استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی جس میں سپیشل سیکرٹری پٹرولیم مرزا ناصر الدین مسعود مہمان خصوصی تھے ۔ تقریب میں ایم ڈی ایس ایس جی سی ایل پی ایل جی جواد علی خان، اوگرا کے سینئر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایل پی جی سرمد اسلم اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپیشل سیکرٹری پٹرولیم مرزا ناصر الدین مسعود نے کہا کہ وزیراعظم اور وفاقی وزیر پٹرولیم نے عوام کو ایل پی جی کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کی ہدایت کی تھی۔ ریکارڈدرآمدی کارگو کی آمد ایل پی جی کے شعبے میں نئے دور کا آغاز ہے اور اس سے ملکی سپلائی چین مزید مستحکم ہوگی۔ انہوں نے اس کامیابی پر ایم ڈی ایس ایس جی ایل کو مبارکباد بھی دی۔اینگرو ووپاک ٹرمینل کے سی ای او سید عمار شاہ نے کہا کہ حکومتی پالیسی اقدامات سے اس شعبے میں نئے سرمایہ کاروں کے لیے مواقع پیدا ہوئے ہیں جبکہ اوگرا کے سینئر ایگزیکٹو ڈائریکٹر سرمد اسلم نے کہا کہ حکومت کی کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔حکام کے مطابق آئندہ ہفتوں میں مزید درآمدی کارگو بھی متوقع ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments