عوامی مفاد کیلئے حکومت سے بات کو تیار ہیں : حافظ نعیم

 عوامی مفاد کیلئے حکومت سے بات کو تیار ہیں : حافظ نعیم

مہنگی بجلی ، گیس کی وجہ سے ہماری مصنوعات دنیا میں مقابلہ نہیں کرسکتیں دوسرے کئی ممالک میں بھی پاکستانی برانڈز کی نمائشیں لگائیں گے :گفتگو

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ مہنگی بجلی اور گیس کی وجہ سے ہماری مصنوعات دنیا میں مقابلہ نہیں کرسکتیں، حکومت صنعت کیلئے سستی بجلی اور گیس فراہم کرے ، میرا برانڈپاکستان ایکسپو گلوبل آئیڈیا ہے ، ڈھاکہ، ترکیہ اور بہت سے دوسرے ممالک میں بھی پاکستانی برانڈز کی نمائشیں لگائیں گے ،ہم حکومت کے ساتھ ہر اُس معاملے پر بات کرنے کو تیار رہتے ہیں جس میں عوام کا مفاد ہو۔

اسلام آباد میں انٹرنیشل بزنس فورم پاکستان کے زیر اہتمام میرا برانڈ پاکستان ایکسپو 2026 کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ فلسطین پر اسرائیلی حملے کے بعد پاکستانی برانڈز کو فروغ دینے کی بات کی گئی، اسرائیلی برانڈز کے بائیکاٹ کے بعد متبادل دینے کی ضرورت محسوس کی گئی، یہ نمائش صرف ملکی سطح پر نہیں بلکہ دیگر ممالک میں بھی پاکستانی برانڈز کی نمائشیں لگائیں گے ۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ حکومت نے صنعت کے لیے 8 سینٹ پر بجلی دینے کا وعدہ کیا تھا جو پورا نہیں کیا گیا ، آئی پی پیز کو 1800 ارب روپے سالانہ کیپسٹی پیمنٹ دیے جا رہے ہیں، ایک خاص قسم کے مافیا کو نوازا جا رہا ہے۔

پاکستانی مصنوعات کے لیے سہولیات نہیں ہیں۔ حکومت سے ہمارا کوئی بھی رابطہ اپنی ذات کے لیے نہیں ہوتا ،ہم ایسے لوگوں کو بھی جانتے ہیں کہ جب ان کے مفادات کی بات ہوتی ہے تو وہ سب اکٹھے ہو جاتے ہیں ، جب قوم کا ساتھ دینے کاوقت آتا ہے تو کوئی بھی قوم کے کسی مسئلے پر آواز نہیں اٹھاتا،صرف جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کے لیے بات کرتی ہے ، نہ صرف مطالبات کرتی ہے بلکہ ان کا حل بھی پیش کرتی ہے ،ہم نے 27 ویں ترمیم کی بھی مخالفت کی ۔انہوں نے سوال کیا کہ 31 دسمبر 2027 کو سود کے خاتمے کی ڈیڈ لائن کیلئے حکومت کیا کر رہی ہے ؟۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...