پاکستان کی چین سے تمام مصنوعات کوزیرو ٹیرف رسائی دینے کی درخواست:اہم منصوبوں پر معاونت بھی طلب

پاکستان کی چین سے تمام مصنوعات  کوزیرو ٹیرف رسائی دینے کی درخواست:اہم  منصوبوں  پر  معاونت  بھی  طلب

تھاکوٹ رائے کوٹ شاہراہ، ایم ایل ون، بابوسر ٹنل، گوادر بندرگاہ، پن بجلی، اقتصادی زونز اور صنعتی منصوبوں میں معاونت فراہم کی جائے افریقی ممالک کی طرز پر زیرو ٹیرف تجارتی سہولت فراہم کی جائے ، احسن اقبال کی این ڈی آر سی کے نائب چیئرمین ژو ہائی بنگ سے ملاقات

 اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں ) پاکستان نے تمام پاکستانی مصنوعات کو چینی منڈی تک ڈیوٹی فری رسائی دینے کی درخواست کردی۔ چین سے کراچی سے روہڑی اور اس سے آگے  ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن میں چین کی شمولیت، بابوسر ٹنل سمیت سڑکوں کے چار منصوبوں کی مشترکہ فزیبلٹی سٹڈیز میں پیش رفت اور گوادر میں باقاعدہ بحری جہاز رانی کی بحالی کے لیے معاونت بھی طلب کی گئی ۔ وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے چین کے قومی ترقی و اصلاحات کمیشن (این ڈی آر سی) کے نائب چیئرمین ژو ہائی بنگ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو افریقی ممالک کی طرز پر چین میں زیرو ٹیرف تجارتی سہولت فراہم کی جائے ۔انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2025-26 میں چین سے پاکستان کی درآمدات 22.34 ارب ڈالر جبکہ برآمدات 2.71 ارب ڈالر رہیں۔ملاقات میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ احسن اقبال نے 576 ارب روپے کے تھاکوٹ تا رائے کوٹ منصوبے کے تحت 102 کلومیٹر طویل تھور نالہ تا رائے کوٹ سیکشن کے مالیاتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر زور دیا۔

انہوں نے کراچی سے روہڑی اور اس سے آگے ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن میں چین کی شمولیت، بابوسر ٹنل سمیت سڑکوں کے چار منصوبوں کی مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈیز میں پیش رفت اور گوادر میں باقاعدہ بحری جہاز رانی کی بحالی کے لیے چینی معاونت بھی طلب کی۔وفاقی وزیر نے گوادر بندرگاہ پر پٹرولیم کے تزویراتی ذخائر کے قیام کے لیے مشترکہ مطالعے کی تجویز پیش کی جبکہ کوہالہ اور آزاد پتن پن بجلی منصوبوں پر پیش رفت اور بعض بجلی گھروں کو تھر کے کوئلے پر منتقل کرنے کے امکانات کا جائزہ لینے پر بھی زور دیا۔ملاقات میں سیہ دق تانبے کے منصوبے کے لیے چین کی منظوری، دو سے تین خصوصی اقتصادی زونز کی مشترکہ ترقی اور سی پیک کے صنعتی ایجنڈے میں پورٹ قاسم ایلومینیم کمپلیکس، تھر میں کھاد کے کارخانے اور دھابیجی میں آئل ریفائنری و ایندھن ذخیرہ کرنے کے کمپلیکس کو شامل کرنے کی تجاویز بھی زیر غور آئیں۔ڈیجیٹل اور تعلیمی شعبوں میں تعاون کے حوالے سے مصنوعی ذہانت کے دو معاہدوں پر عمل درآمد، راولپنڈی سے کراچی تک 1500 کلومیٹر طویل فائبر آپٹک رابطے اور آئندہ دس برس میں مشترکہ مالی معاونت سے 10 ہزار پی ایچ ڈی وظائف کے پروگرام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...