آج کا دن
اسپیشل فیچر
انٹرنیٹ کا معیار (RFC1) شائع ہوا
7 اپریل 1969ء کو ایڈوانسڈ ریسرچ پراجیکٹ ایجنسی (ARPA) کے تحتRFC1 جاری کیا گیا جس کا مقصد ابتدائی کمپیوٹر نیٹ ورکس کے درمیان رابطے کے اصول وضع کرنا تھا۔RFC1 ایک غیر رسمی مگر انتہائی مؤثر دستاویز تھی جس نے مستقبل کے انٹرنیٹ کے لیے بنیاد فراہم کی۔ اس میں نیٹ ورک کے مختلف اجزاکے درمیان معلومات کے تبادلے کے طریقہ کار پر بحث کی گئی۔ اس وقت ARPANET کی تشکیل جاری تھی جو بعد میں انٹرنیٹ کی بنیاد بنا۔آج انٹرنیٹ جس شکل میں ہمارے سامنے ہے اس کی بنیاد انہی ابتدائی کوششوں پر رکھی گئی تھی۔
روانڈا میں نسل کشی
افریقی ملک روانڈا میں نسل کشی کا آغاز 7 اپریل 1994ء کو ہوا جو 20ویں صدی کے بدترین انسانی المیوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس سانحے میں تقریباً آٹھ لاکھ افراد محض 100 دنوں میں قتل کر دیے گئے۔ان میں زیادہ تر توتسی نسل سے تعلق رکھنے والے لوگ تھے۔یہ نسل کشی اس وقت شروع ہوئی جب روانڈا کے صدر جووینال ہیبری مانا کا طیارہ 6 اپریل کو گر کر تباہ ہو گیااقوام متحدہ نے 2004ء میں 7 اپریل کو روانڈا میں ہونے والی نسل کشی کی یاد میں ایک عالمی دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا۔ اس دن کا مقصد عالمی برادری کو یہ یاد دلانا ہے کہ نسل کشی جیسے جرائم کو روکنے کیلئے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔
فرانس میں میٹرک سسٹم کا نفاذ
7 اپریل 1795 کو فرانس نے باضابطہ طور پر میٹرک نظام کو اپنایا جو آج دنیا بھر میں پیمائش کا سب سے زیادہ استعمال ہونے والا نظام ہے۔ یہ فیصلہ فرانسیسی انقلاب کے دوران کیا گیا جب فرانس میں سائنسی اور سماجی اصلاحات کی ایک لہر جاری تھی۔ میٹرک نظام نے لمبائی، وزن اور حجم کے لیے ایک سادہ اور یکساں معیار فراہم کیا جیسے میٹر، کلوگرام اور لیٹر۔یہ نظام جلد ہی دیگر یورپی ممالک اور پھر پوری دنیا میں پھیل گیا۔ آج بھی بیشتر ممالک اسی نظام کو استعمال کرتے ہیں۔
ہنری فورڈ کا انتقال
ہنری فورڈ جو فورڈ موٹر کمپنی کے بانی تھے 7اپریل 1947ء کو انتقال کر گئے۔ وہ جدید صنعتی دور کے اہم ترین افراد میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے آٹوموبائل صنعت میں انقلاب برپا کیا۔ہنری فورڈ نے اسمبلی لائن کے تصور کو فروغ دیا جس کے ذریعے گاڑیوں کی تیاری تیز، سستی اور مؤثر ہو گئی۔ ان کے کاروباری ماڈل نے نہ صرف صنعتی پیداوار کو بدل دیا بلکہ مزدوروں کے حقوق اور اجرتوں کے حوالے سے بھی نئی مثالیں قائم کیں۔