CHATGPT
اسپیشل فیچر
تیز سیکھنے کا ذریعہ یا ذہنی سہارا؟
مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ٹولز خصوصاً ChatGPT نے تعلیم کے میدان میں ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے۔ حالیہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ اگرچہ ChatGPT طلبہ کو تیزی سے سیکھنے میں مدد دیتا ہے لیکن اس کے ساتھ ایک اہم خامی بھی جڑی ہوئی ہے۔ یہ تحقیق جسے ScienceAlert نے رپورٹ کیا، ہمیں سیکھنے کے روایتی اور جدید طریقوں کے درمیان ایک دلچسپ تقابل فراہم کرتی ہے۔یہ تحقیق برازیل کی ریو ڈی جنیرو یونیورسٹی کے ماہر André Barcaui نے کی جس میں 120 یونیورسٹی طلبہ کو شامل کیا گیا۔ طلبہ کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا۔ایک گروپ کو ChatGPT استعمال کرنے کی اجازت دی گئی۔
دوسرے گروپ کو روایتی طریقوں (کتب، آرٹیکلز وغیرہ) سے تحقیق کرنے کو کہا گیا۔طلبہ کو مصنوعی ذہانت کے موضوع پر ایک پریزنٹیشن تیار کرنے کا ٹاسک دیا گیا جس کے لیے انہیں دو ہفتے کا وقت ملا۔تحقیق کے نتائج چونکا دینے والے تھے۔ 45 دن بعد جب طلبہ کا اچانک ٹیسٹ لیا گیا توChatGPT استعمال کرنے والے طلبہ کا اوسط سکور10میں سے 5.75 رہا جبکہ روایتی طریقہ اپنانے والے طلبہ کا اوسط سکور 6.85 تھا۔ یہ تقریباً 11 فیصد کا فرق تھا جو ایک مکمل گریڈ کے برابر ہو سکتا ہے۔اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ اگرچہ AI کے ذریعے سیکھنا آسان اور تیز ہے، لیکن طویل مدتی یادداشت میں کمی آ سکتی ہے۔
سیکھنے کی رفتار بمقابلہ یادداشت
تحقیق کا ایک اہم پہلو یہ بھی تھا کہ ChatGPT استعمال کرنے والے طلبہ نے کم وقت میں کام مکمل کیا۔AI گروپ نے تقریباً 3.2 گھنٹے میں جبکہ روایتی گروپ نے تقریباً 5.8 گھنٹے میں،یعنی ChatGPT نے سیکھنے کے عمل کو تیز تو بنایا مگر اس رفتار کی قیمت یادداشت کی کمزوری کی صورت میں سامنے آئی۔ ماہرین نے ChatGPT کو cognitive crutch یعنی ذہنی بیساکھی قرار دیا۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ جب ہم معلومات حاصل کرنے کے لیے AI پر زیادہ انحصار کرتے ہیں تو ہمارا دماغ خود سے سوچنے اور یاد رکھنے کی صلاحیت کم استعمال کرتا ہے،یہ تصور نیا نہیں۔ اس سے پہلے 2011ء میں Betsy Sparrowکی تحقیق نےDigital amnesia کی اصطلاح متعارف کروائی تھی جس کے مطابق انٹرنیٹ اور سرچ انجنز کے بڑھتے استعمال سے انسانی یادداشت متاثر ہو رہی ہے۔اس تحقیق کے مطابق مؤثر سیکھنے کے لیے ذہنی محنت ضروری ہے۔ جب طلبہ خود سے پڑھتے، نوٹس بناتے اور سوچتے ہیں تو معلومات دماغ میں زیادہ دیر تک محفوظ رہتی ہے لیکن ChatGPT جیسے ٹولزمعلومات کو فوری خلاصے کی صورت میں پیش کرتے ہیں،پیچیدہ موضوعات کو آسان بنا دیتے ہیں، ذہنی مشقت کو کم کر دیتے ہیں،نتیجتاً دماغ وہ ''مشقت‘‘نہیں کرتا جو مضبوط یادداشت کے لیے ضروری ہوتی ہے۔تحقیق میں یہ بھی دیکھا گیا کہ روایتی طریقہ اپنانے والے طلبہ کے نتائج زیادہ یکساں تھے جبکہ ChatGPT استعمال کرنے والوں کے نتائج میں زیادہ فرق پایا گیا۔اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ AI کا استعمال ہر طالب علم کے لیے یکساں فائدہ مند نہیں ہوتا۔
کیا AI ٹولز نقصان دہ ہیں؟
یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ AI ٹولز نقصان دہ ہیں۔ان ٹولز کے کئی فوائد ہیں جیسا کہ معلومات تک جلد رسائی،پیچیدہ موضوعات کی آسان وضاحت،وقت کی بچت،ذاتی نوعیت کی رہنمائی۔تاہم مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب طلبہ مکمل طور پر AI پر انحصار کرنے لگتے ہیں۔
تعلیمی نظام کیلئے پیغام
اس تحقیق میں تعلیمی اداروں اور اساتذہ کے لیے ایک اہم اور واضح پیغام ہے کہ AI کو مکمل طور پر رد کرنے کے بجائے اسے ایک معاون ٹول کے طور پر استعمال کیا جائے مثلاًطلبہ کو پہلے خود تحقیق کرنے دی جائے پھر AI سے وضاحت یا خلاصہ لیا جائے اوراسائنمنٹس میں AI کے استعمال کے واضح اصول بنائے جائیں۔ماہرین کے مطابق مستقبل کی تعلیم کا انحصار Balanced learningپر ہوگا یعنیAI کی سہولت انسانی ذہنی مشقت = مؤثر سیکھنا۔
سیکھنے کے بنیادی اصول آج بھی اتنے ہی اہم ہیں جتنے پہلے تھے بلکہ AI کے دور میں ان کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ChatGPTایک طاقتور تعلیمی ٹول ہے جو سیکھنے کے عمل کو تیز اور آسان بناتا ہے، لیکن اگر اس پر حد سے زیادہ انحصار کیا جائے تو یہ طلبہ کی یادداشت اور تجزیاتی صلاحیتوں کو متاثر کر سکتا ہے۔لہٰذا اصل حکمت عملی یہ ہونی چاہیے کہ AI کو سہولت کے طور پر استعمال کیا جائے نہ کہ مکمل متبادل کے طور پر۔یاد رہے کہ سیکھنے کا اصل مقصد صرف معلومات حاصل کرنا نہیں بلکہ اسے سمجھنا، یاد رکھنا اور عملی زندگی میں استعمال کرنا ہے،اور یہ کام اب بھی انسانی ذہن ہی بہتر طریقے سے کر سکتا ہے۔