انٹریونیورسٹی اتھلیٹکس چیمپئن شپ کے مقابلے پشاور میں اختتام پذیر

انٹریونیورسٹی  اتھلیٹکس چیمپئن شپ کے مقابلے پشاور میں اختتام پذیر

یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب نے 246 پوائنٹس، چار گولڈ، 10 سلور اور پانچ برونز میڈلز حاصل کرتے ہوئے 36 ویں انٹر یونیورسٹیز اتھلیٹکس چیمپئن شپ جیت لی پنجاب یونیورسٹی نے 218 پوائنٹس، 6 گولڈ، چار سلور اور 6 برونز میڈلز کے ساتھ دوسری جبکہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور نے 76 پوائنٹس، دو گولڈ ، ایک سلور اور ایک برونز میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔سرحد یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیم الرحمن اور آرگنائزنگ سیکرٹری ڈاکٹر وحید مغل نے انعامات تقسیم کئے ۔

آخری روز 4سو میٹر دوڑ میں سرگودھا یونیورسٹی کے ظفر حیات نے پہلی، یو سی پی کے محمد انیس نے دوسری اور شاہ بہرام نے تیسری ، 10 ہزار میٹر دوڑ میں سپیریئر یونیورسٹی کے آصف رحمن اول رہے، پنجاب یونیورسٹی کے صدیق اکبر نے دوسری اور یو سی پی کے محسن رضا نے تیسری ، 110 میٹر رکاوٹی دوڑ میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے محسن نوید نے پہلی، یو سی پی کے عثمان نے دوسری اور پنجاب یونیورسٹی کے مدثر نے تیسری، ہیمر تھرو میں پنجاب یونیورسٹی کے زاہد علی نے پہلی، سپیریئر کے ولید نے دوسری اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے عرفان اﷲ نے تیسری،پوزیشن حاصل کی۔ 1500 میٹر دوڑ میں عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے عاصم نے پہلی، سپیریئر کے آصف رحمن نے دوسری اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے محمد عقیل اقبال نے تیسری، 2 سو میٹر دوڑ میں سرگودھا یونیورسٹی کے ظفر حیات نے پہلی، یو سی پی کے سید عون نقوی نے دوسری اور یو سی پی کے محمد انیس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں