فٹ بال ہیروز کی دنیا

فٹ بال ہیروز کی دنیا

نوشہرہ کے انٹرنیشنل فٹ بالر عدیل احمد

کراچی (امتیاز نارنجا) خیبرپختونخوا فٹبال کھیل کے حوالے سے ایک زرخیز علاقہ ہے جہاں سے قومی ٹیم کو انتہائی باصلاحیت کھلاڑی دستیاب ہوئے ان میں سنبل خان، شوکت مفتی، قاضی آصف، قاضی اشفاق، عبدالغفور، گوہر زمان، جعفر خان، ارشد جان و دیگر شامل ہیں۔گزشتہ کئی برس سے یہاں سے کوئی کھلاڑی منظر عام پر نہیں آرہا ہے، ممکن ہے اس کی وجہ فٹبال ذمہ داران کی اپنی ذمہ داریوں سے پہلو تہی ہو۔ اسی زرخیز زمین سے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے والے عدیل احمد کا تعلق ڈسٹرکٹ نوشہرہ سے ہے۔ ذوالفقار احمد کی سات اولادوں میں عدیل احمد سب سے چھوٹے ہیں۔ عدیل 25نومبر 1983نوشہرہ میں پیدا ہوئے۔ اسی شہر کے ایف جی پبلک اسکول سے میٹرک اور سٹی ڈگری کالج سے بی اے کیا۔ عدیل نے اسکول کے زمانے ہی سے فٹبال کھیل کا آغاز کردیا جب کہ نوشہرہ یوتھ ان کا پہلا لوکل کلب بنا۔ قاضی اشفاق کو اپنا آئیڈیل ماننے والے عدیل احمد کو ان کی طرح فارورڈ بننے میں دلچسپی تھی۔ نوشہرہ یوتھ کے آفیشل شاد محمد لالہ نے ان کی ابتدائی دنوں میں بہت مدد کی۔ 29 جولائی تا 19اگست 2001منعقدہ 48ویں قومی چیمپئن شپ میں پی ٹی سی ایل کی نمائندگی کرتے ہوئے بلوچستان ریڈ کیخلاف گول بھی اسکور کیا۔ عدیل نے کلب کوچ شکیل کے علاوہ جان لیٹن، ختر محی الدین اور رانا یونس سے بھی کوچنگ حاصل کی جبکہ وہ پی ٹی سی ایل کے سابق منیجر شرافت علی سے بھی بے حد متاثر رہے۔ عدیل نے 1998میں پہلی مرتبہ پاکستان کا کلر زیب تن کیا جب وہ انڈر16 قومی ٹیم کے ساتھ عالمی کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے گئے تھے اور قازقستان کے خلاف پہلا میچ کھیلا۔ سیف گیمز نیپال میں بھی قومی ٹیم کی نمائندگی کی۔ عالمی کپ کوالیفائنگ راؤنڈ 2001سینئر ٹیم کے ہمراہ بینکاک اور تھائی لینڈ کا دورہ کیا جہاں سری لنکا، لبنان اور تھائی لینڈ کیخلاف میچز میں شرکت کی۔ عدیل احمد پی ٹی سی ایل کی اس فاتح ٹیم کے متحرک رکن تھے جس نے کوئٹہ میں 16ویں صدارتی پی ایف ایف کپ 2003کے فائنل میں کے پی ٹی کو شکست دی۔ عدیل احمد 6 مقابلوں کے دوران 575منٹ گراؤنڈ میں موجود رہے اور اپنی عمدہ کارکردگی سے حریف ٹیموں کے لئے ڈینجر مین کا کردار ادا کرتے رہے۔ عدیل احمد نے سینئر قومی ٹیم کے ہمراہ بھی متعدد ایشیائی ممالک کا دورہ کیا اور اپنی برق رفتار ی کے باعث انہیں قومی ٹیم میں ایک نمایاں پوزیشن حاصل تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں