فرینڈز ٹی 20 ، سرے اور نارتھمپٹن شائر کی سیمی فائنل میں رسائی
سرے نے سمر سیٹ کو 3وکٹوں اور نارتھمپٹن شائر نے ڈرہم کو 36رنز سے شکست دی
لندن (اے پی پی)سرے اور نارتھمپٹن شائر کائونٹی نے فرینڈز لائف ٹی 20 چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ تفصیلات کے مطابق اوول، لندن میں کھیلے گئے پہلے کوارٹر فائنل میں سرے نے سمر سیٹ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دی۔ سمر سیٹ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے ۔ جواب میں سرے کی ٹیم نے ہدف 19 اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔وکرم سولنکی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ دوسرے کوارٹر فائنل میں نارتھمپٹن شائر نے ڈرہم کائونٹی کو 36 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔ فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے ۔ ڈرہم کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز سکور کر سکی۔ کیمرون وائٹ کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔