نیشنل سیپک ٹاکرا ریفریز اینڈ کوچنگ کورس کا اختتام

نیشنل سیپک ٹاکرا ریفریز اینڈ کوچنگ کورس کا اختتام

ایشین سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے صدرعبدالحلیم بن قادر کی خصوصی شرکت

کراچی(اسپورٹس رپورٹر)پاکستان سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے زیر اہتمام دو روزہ نیشنل سیپک ٹاکرا ریفریز اینڈ کوچنگ کورس کا اختتام ہوگیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر فرحان عیسیٰ عبداللہ نے ریفریز اور کوچز میں سرٹیفکیٹس اور شیلڈ زتقسیم کیں ۔ اس موقع پر انٹرنیشنل سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے سیکریٹری اور ایشین سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے صدر عبدالحلیم بن قادر ، پاکستان سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے سیکرٹری نوشاد احمد خان ،احمد علی راجپوت ،آصف عظیم ، محفوظ الحق ، ڈاکٹر محمد عارف حفیظ ، شبیر احمد ، عارف وحید خان ، سید اصغر حسین ، عبدالباسط اور دیگر موجود تھے ۔ تقریب سے ڈاکٹر فرحان عیسیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے تمام منتظمین خاص طور پر نوشاد احمد کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے بہترین انداز میں کورس کو منعقد کیا ۔ فرحان عیسیٰ نے انٹرنیشنل سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے سیکریٹری عبدالحلیم قادر کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاکستان آکر کورس کو سپروائز کیا ۔ انہوں نے مزید کہاکہ اس طرح کے کورسز اور ایونٹ سے ریفریز اور کوچز کو تو فائدہ ہوتا ہی ہے لیکن اس سے پاکستان کا امیج بہتر بنانے میں بھی مدد ملتی ہے ۔ انٹرنیشنل سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل عبدالحلیم قادر نے کہاکہ جب میں پاکستان آنے کے لئے وہاں لوگوں سے بات کررہا تھا تو تقریباً سب نے ہی مجھے منع کیا لیکن جب میں یہاں پہنچا تو مجھے بہت خوشی ہوئی کہ یہاں کے لوگ بہت محبت کرنے والے ہیں خاص طور پر اسپورٹس سے بہت محبت کرنے والے ہیں مجھے کراچی شہر بہت پرامن لگا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے فیوچر پروگرام میں پاکستان میں ایشین سیپک ٹاکرا چیمپئن شپ اور ایشین بیچ سیپک ٹاکرا چیمپئن شپ شامل ہیں جس کیلئے ہم پاکستان سیپک ٹاکرا فیڈریشن سے رابطے میں رہیں گے ۔آخر میں سندھ سیپک ٹاکرا ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور کورس ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد عارف حفیظ نے تمام مہمانوں اورکورس کے شرکا ء اورخاص طور پر ڈاکٹر فرحان عیسیٰ کے تعاون کا شکریہ ادا کیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں