بابر اعظم جنوبی افریقہ کیخلاف ’’اہم ترین‘‘سیریز کیلئے تیار

بابر اعظم جنوبی افریقہ کیخلاف ’’اہم ترین‘‘سیریز کیلئے تیار

پاکستانی ٹیم کے دیگر کھلاڑی بھی اپنے میدانوں پر میچز کھیلنے کیلئے پرجوش

کراچی(اسپورٹس ڈیسک)نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز سے محرومی پر افسردہ تینوں فارمیٹس کے قومی کپتان بابر اعظم جنوبی افریقہ کیخلاف اہم ترین سیریز کیلئے تیار جبکہ ان کے ساتھی کھلاڑی بھی اپنے میدانوں پر میچز کھیلنے کیلئے پرجوش ہیں۔لاہور میں ٹریننگ سیشن کے بعد بابراعظم کا کہنا تھا کہ ٹیم کو ان کی خدمات کی ضرورت تھی لیکن وہ کیویز کیخلاف دستیاب نہیں ہو سکے البتہ اب وہ جنوبی افریقہ سے سیریز کے دوران ایکشن میں نظر آئیں گے کیونکہ انہوں نے انجری سے نجات کے بعد ٹریننگ شروع کردی ہے ۔بابر اعظم کے مطابق پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی ہوم سیریز کیلئے پرجوش اور پروٹیز جیسی کوالٹی ٹیم کیخلاف میچز بہت زیادہ اہمیت کے حامل ہیں تاہم وہ اس دوران ٹیم میں زیادہ تبدیلیوں کی حمایت نہیں کریں گے بلکہ جدوجہد سے دوچار بالنگ یونٹ کی حمایت کی جائے گی کیونکہ پورا یقین ہے کہ وہ آئندہ سیریز میں بہتر کھیل پیش کریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ نئے چیف سلیکٹر سے ان کی ابھی تک ملاقات نہیں ہوئی تاہم وہ جلد ہی ٹیم انتظامیہ اور سلیکٹرز کی مشاورت سے پروٹیز کیخلاف سیریز کیلئے اسکواڈ کا انتخاب کرلیں گے ۔ایک سیریز میں ناکامی کی بنیاد پر تنقید کے مخالف بابر اعظم کا کہنا تھا کہ محمد عامر اپنی کمتر کارکردگی کے باعث ٹیم سے ڈراپ ہوئے جس کو بحال کرکے وہ اچھی کارکردگی دکھائیں تو سلیکٹرز لازمی طور پر واپسی ممکن بنانے کیلئے ان سے بات کریں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں