اولمپکس: روس کی سویتلانا کا آرٹسٹک سوئمنگ میں تاریخ ساز کارنامہ

اولمپکس: روس کی سویتلانا کا آرٹسٹک سوئمنگ میں تاریخ ساز کارنامہ

ڈوئٹ ڈسپلن میں سویتلانا کولسینی چینکو کیساتھ پہلی کوشش میں گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب،مینز دو سو میٹرز ریس میں کینیڈا کے آندرے کا طلائی تمغہ ، ویمنز باسکٹ ،والی بال،ہینڈ بال مقابلوں کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل،مینز ٹیبل ٹینس ٹیم فائنل میں چین،جرمنی مقابل،ریسلنگ میں ایران کا گولڈ میڈل

ٹوکیو(سپورٹس ڈیسک)اولمپکس آرٹسٹک سوئمنگ کے ڈوئٹ فری روٹین مقابلوں میں اکیس مرتبہ کی ورلڈ چیمپئن روسی اولمپک کمیٹی کی سویتلانا روماشینا نے 16مرتبہ کی عالمی چیمپئن پارٹنر سویتلانا کولیسنی چینکو کے ساتھ پہلی کوشش میں تاریخ ساز چھٹا گولڈ میڈل جیتا جو سویتلانا کولسینی چینکو کا ڈوئٹ ڈسپلن میں پہلا تمغہ ہے مگر وہ ریو اولمپکس میں ٹیم گولڈ میڈل جیت چکی ہیں۔ایتھلیٹکس کے چار سو میٹرز ہرڈلز مقابلوں میں امریکا کی سڈنی مک لافلن،ویمنز تین ہزارمیٹرز اسٹیپل چیز میں یوگنڈا کی پیروتھ چیموتائی،مینز ہیمر تھرو میں پولینڈ کے وائیسیچ نووسکی اور مینز آٹھ سو میٹر ریس میں کینیا کے ایمانوئیل کپکوروئی نے طلائی تمغہ جیتنے کا اعزاز پایا جبکہ مینز دو سو میٹرز ریس میں کینیڈا کے آندرے گراسے نے گولڈ میڈل یقینی بنایا۔ویمنز باسکٹ بال میں سربیا نے چین ،امریکا نے آسٹریلیا،جاپان نے بیلجیئم اور فرانس نے سپین کو ہرا کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ باکسنگ کے مینز لائٹ ہیوی ویٹ 75 سے 81 کلوگرام کیٹیگری میں کیوبا کے ارلین لوپیز گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب رہے ۔سائیکلنگ ٹریک کے مینز ٹیم پرسوٹ مقابلوں میں اٹلی نے طلائی تمغے پر قبضہ جمالیا ۔ سکیٹ بورڈنگ کے ویمنز پارک ایونٹ میں جاپان کی سکورا یاسوزومی نے گولڈ میڈل جیتا ۔ویٹ لفٹنگ کے مینز 109کلوگرام گروپ اے مقابلوں میں جارجیا کے لاشا طلاخازے طلائی تمغہ جیتنے میں کامیاب رہے ۔ ریسلنگ کے مینز 87 کلوگرام گریکو رومن ایونٹ میں یوکرین کے زہان بیلینیوک، مینز 67 کلوگرام گریکو رومن ایونٹ میں ایران کے محمد رضا گیرائی اور ویمنز 62 کلوگرام فری سٹائل میں جاپان کی یوکاکو کوائی نے گولڈ میڈلز پر قبضہ جما لیا۔ٹیبل ٹینس کے مینز ٹیم سیمی فائنل میں چین نے کوریا کو ،جرمنی نے جاپان کو ہرا کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا جبکہ ویمنز ٹیم سیمی فائنل میں چین نے جرمنی کو تین،صفر سے مات دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں